نازیہ حسن کی20 ویں برسی پر زوہیب حسن کی جانب سے خراج عقیدت

August 14, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)20برس قبل جہانِ فانی سے کُوچ کرنے والی پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی برسی کے موقع پر بھائی زوہیب حسن نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تم آج بھی بہت یاد آتی ہو۔فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر گلوکار زوہیب حسن نے نازیہ حسن کی ایک دلکش تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج دنیا بھر میں تمہیں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔‘انہوں نے لکھا کہ ’خراج عقیدت پیش کرنے کی وجہ محض تمہاری گلوکاری یا میوزک نہیں بلکہ تمہاری کرشماتی شخصیت، نرم دلی اور دوسروں کا خیال رکھنے والی شخصیت کی وجہ سے یاد کررہے ہیں۔‘اپنے پیغام کے آخر میں زوہیب حسن نے لکھا کہ ’تمہارا بھائی تمہیں بہت یاد کرتا ہے۔‘واضح رہے کہ پاکستان میں شعبہ موسیقی کو نئی جدت دینے والی نازیہ حسن کو اس جہاں فانی سے رخصت ہوئے 20 سال بیت گئے ہیںنازیہ حسن 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے امریکن کالج آف لندن سے گریجویشن کیا اور سرکاری ٹی وی کے مشہور پروگرام ’’سنگ سنگ چلے‘‘ سے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا۔نازیہ حسن نے اپنے بھائی زوہیب کے ساتھ مشرقی اور مغربی موسیقی کے ملاپ سے ایسے گیت پیش کیے جو آج بھی شائقین موسیقی میں مقبول ہیں۔بھارتی فلم قربانی میں شامل نازیہ کے گانے ’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے‘ نے گلوکارہ کو عالمگیر شہرت دی جبکہ نازیہ اور زوہیب کے البم ’ڈسکو دیوانے‘ نے فروخت کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔پھیپھڑوں کے سرطان کے مہلک مرض میں مبتلا نازیہ حسن 13 اگست 2000 کو نازیہ حسن دارِ فانی سے کوچ کرگئیں۔