پنجاب میں کورونا وائرس دوبارہ پھیلنے کا خدشہ

August 15, 2020


محکمہ صحت پنجاب نے ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے پر کورونا وبا دوبارہ پھلنے کا خدشہ ظاہر کر دیا، صوبے کے تمام کمشنرز اور آر پی اوز کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ مارکیٹوں اور شاپنگ مالز میں ایس او پیز پر عملدرآمد سست روی کا شکار ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد بازاروں، مارکیٹس اور شاپنگ سینٹرز میں خریداروں کا رش معمول پر آ گیا۔ لیکن لوگوں کی جانب سے ایس او پیز پر عمل نہ ہونے پر محکمہ صحت پنجاب نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

محکمہ صحت نے صوبے کے تمام کمشنرز اور آر پی اوز کو لکھے گئے خط میں خبردار کیا ہے کہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے میں سست روی دکھائی جا رہی ہے، سماجی فاصلے اور ماسک پہننے کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔

دوسری جانب محکمہ صحت کے ایک ڈیٹا کے مطابق 14 اگست کو پنجاب میں کورونا کے 128 کیسز سامنے آئے تھے، جو 15 اگست کو بڑھ کر 210 ہو گئے۔

یوں صرف ایک ہی دن میں صوبے میں 82 کیسز کا اضافہ ہو گیا۔