نئی اُردو قواعد

August 30, 2020

مصنف :عصمت جاوید

صفحات: 334 ،قیمت: 600 روپے

ناشر: بُک کارنر، جہلم۔

قواعدِ زبان کے دقیق مباحث کے سلسلے میں جن صاحبِ علم افراد کا ذکر کیا جاتا ہے، اُن میںعصمت جاوید بھی شامل ہیں۔ مصنّف نے زبان و بیان وقواعد کے سلسلے میں بہت ٹھوس خدمات انجام دیں۔نیز، اورنگ آباد، ہندوستان کی جامعہ سے ستّر کے ابتدائی عشرے میں ’’اُردو میں فارسی کے دخیل الفاظ میں تصرّف کا عمل‘‘کے عنوان پر ڈاکٹریٹ کی سند بھی حاصل کی۔ اُردو اور فارسی زبان کے قواعد اُن کی دِل چسپی کے خاص موضوع رہے۔ زیرِتبصرہ کتاب ’’نئی اُردو قواعد‘‘میں مصنّف نے اُردو زبان کے دُرست استعمال کے لیے رہنما اصول تفصیل سے بیان کیے ہیں۔

اس ذیل میں ’’صوت‘‘،’’صرف‘‘،’’نحو‘‘،’’مشتقات و مرکبات‘‘ کی بَھرپور توجیحات پیش کی گئی ہیں،جب کہ کتاب کو موضوع کی مناسبت سے چار حصّوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کتاب کے آخر میں ’’اُردو انگریزی‘‘اور ’’انگریزی اُردو‘‘اصطلاحات بھی پیش کی گئی ہیں۔ جہاں مصنّف نے بابائے اُردو مولوی عبدالحق کی قواعدِ زبان کے سلسلے میں کی جانے والی کاوشوں کو سراہا، وہیں علمی سطح پربعض باتوں سے اختلاف بھی کیا ۔ سنجیدہ اذہان رکھنے والے ادب دوست افراد کے لیے یہ کتاب اپنے متن کے اعتبار سے بہت اہمیت کی حامل ہے۔ کئی عشرے پہلے شایع ہونے والی اس کتاب کو بہت سلیقے اور متانت سے دوبارہ اشاعت کا لبادہ اوڑھایا گیا ہے۔