پشاور میں بی آر ٹی بس میں آگ لگ گئی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

August 27, 2020


پشاور کے علاقے حیات آباد میں بی آر ٹی بس میں آگ لگ گئی جسے ریسکیو عملے نے بجھا دیا۔ آگ ایئر کنڈیشنر میں لگی تھی جس کے بعد مسافروں کو بحفاظت اسٹیشن سے باہر نکال لیا گیا تھا۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

معاون اطلاعات خیبرپختونخوا کامران بنگش نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ بس کو خالی کرا کر ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 3منٹ کے اندر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ بی آر ٹی سروس مکمل طور پر بحال ہے، عوام کسی بھی پروپیگنڈا پر کان نہ دھریں۔