الحمد للہ !

April 14, 2016

حسین نواز کی اقراری الحمد للہ ہو یا بچوں کی محبت میں وزیراعظم کی ا نکاری الحمد للہ ، خود ہی ملزم ،خود ہی وکیل اور خود ہی منصف مطلب شاہ سے زیادہ شاہ کی حکومتی وفاداری الحمد للہ ہو یا دیواروں سے سر پھوڑتی منتشر اپوزیشن کی بے یارومددگاری الحمد للہ ، بھینسوں کے آگے بین بجاتے میڈیا کی آہ و زاری الحمد للہ ہو یا معجزوں کی آس میںدم سادھے بیٹھی تما ش بین قوم کی تابعداری الحمد للہ ۔۔ الحمد للہ جیسے پہلے یہاں کبھی کوئی بڑا معاملہ سِرے نہیں چڑھا الحمد للہ ویسے ہی پاناما لیکس سے بھی کچھ نہیں نکلے گاکیونکہ اس دیس میں اوپر سے نیچے تک بے ایمانی ہی وہ واحد کام رہ گیا جو الحمد للہ بڑی ایمانداری سے ہو۔
جیسے کہا ہونا تو کچھ نہیں مگر پھر بھی کہانی ضرور سناؤں گا ، لیکن کہانی سے پہلے دو سوال ، پہلا سوال یہ کہ حسن اور حسین کا تعلق پاکستان سے اور ان کا کاروبار تھا سعود ی عرب اور برطانیہ میں مگر پیسے پاناما میں۔۔ کیوں ؟ اور دوسرا سوال یہ کہ جن کی کمپنیاں اور پیسے لیگل ہوں وہ بھلا اس طرح کی چھپن چھپائی کھیلتے ہیں ؟ اب ان سوالوں کو ذہن میں رکھ کر کہانی شروع سے شروع کرتے ہیں ، 8دس ماہ پہلے رابطہ کرنے پرا پنی آف شور کمپنیوں پر بات کرنے سے بھی انکاری حسین نواز کو جب یہ یقین ہو گیا کہ رازاب راز نہیں رہے گا تو ایک طویل صلاح مشورے کے بعد اُنہوں نے ایک طے شدہ منصوبے کے تحت پہلی بار دو ٹی وی پروگراموں میں اپنی آف شور کمپنیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کچھ اس طرح کی کہانی سنائی ’’ جب ہم جلاوطن ہوئے تو خالی ہاتھ تھے ،یہ تو میں نے 2005میں چند دوستوں اور کچھ بینکوں سے قرضہ لے کر بند پڑی ایک اسٹیل مل خرید ی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے اس مل نے مجھے اتنا کما کر دید یا کہ نہ صرف دوستوں اور بینکوں کا قرضہ اتارا، برطانیہ میں رئیل اسٹیٹ کے کاروبار میں 1200ملین ڈالر لگائے بلکہ باقی بچی ڈبل ٹرپل حق حلال کی رقم آف شور کمپنیوں میں بھی رکھ دی ‘‘ اب یہ کہانی سچی ہے یا جھوٹی یہ جاننے کیلئے اِک نظر دنیا کے اسٹیل کاروبارپر ، اس وقت60ملکوں میں 2لاکھ10ہزار ملازمین اور 9کروڑ 80لاکھ ٹن سالانہ پیداوار کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی اسٹیل کمپنی آرسلر متل ہو یا 26ملکوں میں 80ہزار ملازمین اور 2کروڑ 60لاکھ ٹن سالانہ پیداوار کیساتھ دنیا کی 10ویں بڑی اسٹیل کمپنی ٹاٹا ہو، 61700ملازمین اور ایک کروڑ 60لاکھ ٹن سالانہ پیداوار کے ساتھ دنیا کی 20ویں بڑی روسی اسٹیل کمپنی نوو سلیکٹس ہو یا 140ملکوں میں 11400ملازمین اور ایک کروڑ40لاکھ ٹن سالانہ پیداوار کے ساتھ دنیا کی 30ویں بڑی اسٹیل کمپنی جے ایس ڈبلیو ہو ان تمام ٹاپ 30 کمپنیوں میں روسی اسٹیل کمپنی نووسلیکٹس وہ کہ جس نے گزشتہ سال سب سے زیادہ 8سو ملین ڈالر منافع کمایا ، اب آتے ہیں حسین نواز کی کہانی کی طرف ، انہوں نے جو اعداد وشمار بتائے اس کے مطابق انکی صرف ایک ملک میں صرف 4سو ملازمین کے ساتھ صرف 5سے 10لاکھ ٹن سالانہ پیداوار دینے والی اسٹیل مل کا 6سالہ منافع دنیا کی نمبرایک منافع بخش روسی اسٹیل کمپنی کے 10سالہ منافع سے بھی زیادہ ، ظاہر ہے یہ ممکن ہی نہیں تو مطلب حسین نواز کی کہانی بھی سچی نہیں ،اب اگر یہ کہانی سچی نہیں تو پھر یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ان کے پاس یہ پیسہ آیا کہاں سے،تو اس کا جواب بھی سن لیں ۔
معاشی جرائم پر اتھارٹی سمجھے جانے والے نامور امریکی تاجر ،محقق اور ماہر معاشیات ریمنڈ ڈبلیو بیکر کی 2005میں ایک کتاب آئی ، دنیا بھر کے حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار پراس کتاب" "Capitalism's Achilles Heel میں نوازاور بے نظیر حکومتوں کی کرپشن پر بڑی تفصیل سے لکھا گیااور دلچسپ بات یہ کہ اس کتاب کوشائع ہوئے 11سال ہو گئے مگر آج تک کسی نے نواز شریف اور بے نظیر بھٹو پر لگے الزامات کی تردید تک نہیں کی ۔ ریمنڈ بیکرلکھتے ہیں کہ ’’1980کی دہائی میں سیاسی سفر اور سرکاری عہدوں سے پہلے شریف خاندان کے پاس صرف ایک فیکٹری تھی لیکن جونہی شریف برادران نے ضیاء کی چھتری تلے اپنا سیاسی سفر شروع کیا تو انکے کاروبار کوبھی پرَ لگ گئے اور پھر 1990 تک پہنچتے پہنچتے ایک فیکٹری کی 30فیکٹریا ںہو گئیں ‘‘ ۔ ریمنڈ بیکر نے لکھا ’’اُن دنوں پیسہ ایسے بنایا جارہا تھا کہ نواز حکومت نے جب سپرہائی وے منصوبہ شروع کیا تو یہ منصوبہ ساڑھے 8ارب کا تھا مگریہ مکمل ہوا 20ارب میں، پھر ایک دن بیٹھے بٹھائے حکومت نے 50ہزار کسٹم فری گاڑیاں منگوا کر پہلے یہ گاڑیاں 10فیصد ڈاؤن پیمنٹ پر زبردستی بینکوں کو دیدیں اور پھر بینکوں سے اپنے من پسند افرادمیں آسان اقساط میں تقسیم کر وادیں ،یہ تو بعد میں پتا چلا کہ اس چکر میں جہاں حکومت کا 700ملین ڈالر کانقصان ہوا وہاں جب 60فیصد لوگ نادہندہ ہوئے تو 500ملین ڈالر بینکوں کے بھی ڈوب گئے ، ریمنڈ بیکر کے مطابق حکمران خاندان نے تعمیراتی کاموں کیلئے 140ملین ڈالر کے قرضے بھی لئے اور امریکہ اور کینیڈا گندم درآمد کر کے 58ملین ڈالر بھی کما ئے مگر جب میاں نواز شریف کو پہلی مرتبہ وزارت ِعظمیٰ سے ہٹایا گیا تو اچانک پتا یہ چلا کہ بظاہر اچھا بھلا چلتا اتفاق گروپ نہ صرف 60ملین ڈالر کا ڈیفالٹر تھا بلکہ 5.7ارب کے خسارے میں جا چکے گروپ کے 30یونٹوں میں سے صرف 3یونٹ آپریشنل تھے ، یہ رام کہانی سنا کر ریمنڈ بیکر نے پھر 2005میں ہی یہ بھی بتا دیا کہ ’’اتفاق گروپ اس دیوالیہ پن کے اسلئے قریب جا پہنچا تھا کیونکہ وہ خفیہ طریقے سے سب سرمایہ باہر بھجوا چکا تھا اور شریف خاندان نے انہی دنوں سمندر پار 3کمپنیاں Nescoll,Nielsonاور Shamrock بنا کر سرمایہ ان کمپنیوں میں رکھنے اور برطانیہ میں پراپرٹی خریدنا شروع کر دی تھی ۔دوستو یہاں یہ بتانابہت ضروری ہے کہ پاناما لیکس میں سامنے آنے والی شریف خاندان کی کمپنیوں میں سے Nescollاور Nielsonوہی 2 کمپنیاں کہ جن کے بارے میں ریمنڈ بیکر نے 2005میں ہی بتا دیا تھا، اس کا مطلب آف شور کمپنیاں بنیں 90کی دہائی میں اور حسین نواز کی اسٹیل کہانی شروع ہوئی 2005میں، اب بھی اگر کوئی نہ مانے تو یہ اس کی مرضی !
باقی رہ گیا میاں نواز شریف کا خطاب تو یقین جانیے اولاد کی محبت میں انہیں قوم سے مخاطب دیکھ کر مجھے بے اختیار جہاں یہ فرمانِ الہی یاد آیا کہ ’’ بلاشبہ اولاد اورمال ایک آزمائش‘‘ ، جہاں مجھے نبی ؐ کا یہ قول یاد آگیا کہ ’’ ہر اُمت کا ایک فتنہ اور میری اُمت کا فتنہ مال ‘‘ ، وہاں بے اختیار مجھے یہ بھی یادآیا کہ یہ بھی پاکستان ہی تھا کہ جہاں گورنر جنرل محمد علی جناح ؒ نے مشرقی پاکستان کا دورہ کرناتھا تو مسئلہ یہ پیدا ہوگیا کہ چونکہ قائد کا طیارہ چھوٹا تھا لہٰذا اسے ری فیول کرنے کیلئے ہر صورت بھارت میں رکنا پڑتا ، اب ایک تو قائد کی صحت ایسی نہ تھی کہ راستے میں رکا جائے اورد وسرا قائد خود ہندوستان کی سرزمین پر رکنا نہیں چاہتے تھے لہٰذا بڑی سوچ بچار کے بعد فیصلہ ہوا کہ 5سو پاؤنڈ کے کرائے پر برطانوی کمپنی سے طیارہ لے لیا جائے، لیکن جب یہ بات جناح کے علم میں لائی گئی تو اُنہوں نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ ’’یہ فضول خرچی ہے ‘‘ اور پھر چھوٹے طیارے کو تیل کا اضافی ٹینک لگا کر قائد کو مشرقی پاکستان لے جایا گیا،یہ بھی پاکستان ہی تھا کہ جہاں قائد نے خود بیٹھ کر فلیگ ہاؤس کا اسٹاف کم کرکے ماہانہ 110روپے اور گورنر جنرل کی رہائش گاہ کا اسٹاف کم کرکے ماہانہ 87روپے بچائے اور گاندھی کے قتل کے بعد گورنر جنرل ہاؤس کی حفاظتی دیوار کے منصوبے کو یہ کہہ کررد کر دیا کہ ’’ جب ہر پاکستانی کو رہنے کیلئے چھت مل جائیگی تب میں بھی اپنی حفاظت کیلئے دیوارتعمیر کروالوں گا‘‘ اور یہ بھی پاکستان ہی تھا کہ جسکے پہلے حکمران قائداعظم ؒ نے اپنی ساری جائیداد تعلیمی اور فلاحی اداروں کیلئے وقف کردی مگر شاید وہ قائد کا پاکستان تھا اور یہ ہمارا پاکستان ہے ،جی ہاں ہمارا پاکستان جہاں ایک طرف غریبوں کیلئے الحمد للہ ایسا قانون کہ ایک ہزار کا دھنیا چوری کرنے والا ایک سال جیل کاٹ کر بمشکل سپریم کورٹ سے ضمانت کروا سکے جبکہ دوسری طرف الحمد للہ حالت یہ کہ حسین نواز کی اقراری الحمد للہ ہو یا بچوں کی محبت میں وزیراعظم کی ا نکاری الحمد للہ ، خود ہی ملزم،خود ہی وکیل اور خود ہی منصف مطلب شاہ سے زیادہ شاہ کی حکومتی وفاداری الحمد للہ ہو یا دیواروں سے سر پھوڑتی منتشر اپوزیشن کی بے یارومددگاری الحمد للہ ، بھینسوں کے آگے بین بجاتے میڈیا کی آہ و زاری الحمد للہ ہو یا معجزوں کی آس میںدم سادھے بیٹھی تما ش بین قوم کی تابعداری الحمد للہ … الحمد للہ جیسے پہلے یہاں کبھی کوئی بڑا معاملہ سِرے نہیں چڑھا الحمد للہ ویسے ہی پاناما لیکس سے بھی کچھ نہیں نکلے گاکیونکہ اس دیس میں اوپر سے نیچے تک بے ایمانی ہی وہ واحد کام رہ گیا جو الحمد للہ بڑی ایمانداری سے ہو۔