کیٹی پیری کے ہاں بیٹی کی پیدائش

August 27, 2020

امریکی پاپ اسٹار کیٹی پیری اور اداکار اورلینڈو بلوم کے ہاں بیٹی ڈیسی ڈوو بلوم کی پیدائش ہوئی ہے، جوڑی کا یہ پہلا بچہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یونیسف نے خیر سگالی سفیر کیٹی پیری کی والدہ بننے کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں فیملی میں اضافے کی مبارکباد دی۔

یاد رہے کہ پاپ اسٹار کیٹی پیری نے رواں برس چار مارچ کو اپنا نیا گانا ریلیز کرنے کے ساتھ ہی اپنے حاملہ ہونے کا بھی اعلان کیا تھا۔

گلوکارہ نے اپنے نئے گانے ’نیور وارن وائٹ‘ کی ویڈیو جاری کی، چار منٹ دورانیے کی اس ویڈیو کے آخر میں گلوکارہ نے حاملہ ہونے کی خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔

اپنے حاملہ ہونے کے حوالے سے کیٹی پیری کا کہنا تھا کہ ’میں چاہتی تھی مداحوں کو سب کچھ بتاؤں لیکن ایک ایسے انداز سے بتاؤں جو بہتر ہو، میں موسیقی کی زبان سے ہی مداحوں کے ساتھ بات کرتی ہوں اور یہ خبر بتانے کے لیے بھی اس کا ہی انتخاب کیا۔‘

خیال رہے کہ کیٹی پیری نے 2010 میں برطانوی اداکار رسل ایڈورڈ کے ساتھ شادی کی تھی جبکہ دو سال بعد ہی ان دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔

گلوکارہ 2016 سے اداکار اورلینڈو بلوم کے ساتھ تعلقات میں ہیں۔ اورلینڈو بلوم نے 2019 میں کیٹی پیری کے ساتھ منگنی کی تھی جبکہ خبریں ہیں کہ جلد یہ دونوں شادی کرکے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کریں گے۔

اورلانڈو بلوم نے پہلی شادی سپر ماڈل مرنڈا کیر سے 2010 میں کی تھی اور انہیں ان سے ایک بیٹا بھی ہے، اورلانڈو بلوم کی بھی پہلی شادی ناکام ہوگئی تھی اور 2013 میں ان کی طلاق ہوئی۔