سعودی عرب کو آم کی برآمدات میں 100 فیصد اضافہ

September 01, 2020

اسلام آباد(اے پی پی) حالیہ برآمدی سیزن کے دوران سعودی عرب کو آم کی برآمدات میں تقریباً100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رواں سیزن کے دوران 7 ہزار ٹن آم برآمد کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ برآمدی سیزن میں سعودی عرب کو 3 ہزار 700 ٹن آمد برآمد کئے گئے تھے۔ جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کے باوجود آم کے رواں برآمدی سیزن میں سعودی عرب کو 7 ہزار ٹن آم برآمد کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال 3700 ٹن آم برآمد کئے گئے تھے۔ اس طرح گزشتہ سال کے مقابلہ میں سعودی عرب کو آم کی برآمدات میں تقریباً100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کو آم برآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ پاکستان میں آم کی پیداوار 1.75 ملین ٹن سالانہ ہے اور پاکستان دنیا بھر میں آم پیدا کرنے والا چھٹا بڑا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں میں پاکستانی آم کو اس کے ذائقہ اور معیار کی وجہ سے انتہائی پسند کیا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آم کی برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آم کی برآمدات کے فروغ سے نہ صرف برآمد کنندگان کو فائدہ ہوگا بلکہ قیمتی زرمبادلہ کے حصول سے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ خالد مجید نے مزید کہا کہ پاکستان میں پیدا ہونے والے سندھڑی، چونسہ، انور رٹول اور لنگڑا آم کا کوئی مقابلہ نہیں ہے اور اپنے ذائقہ اور معیار کے حوالہ سے ان کو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔