بھارت لداخ میں تمام اشتعال انگیز کارروائیاں بند کرے، چین

September 01, 2020

بھارتی فوج کی جانب سے لداخ میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھانے پر چین نے بھارت کو خبردار کردیا اور کہا کہ بھارت تمام اشتعال انگیز کارروائیاں بند کرے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت، غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے والے اپنے فوجیوں کو فوری پیچھے ہٹائے اور صورتحال کو مزید کشیدہ اور خراب کرنے والے تمام اقدامات سے اجتناب کرے۔

لداخ میں گذشتہ روز بھارتی افواج کے لائن آف ایکچوئل کنٹرول پار کرنے کے واقعے پر ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدام سے چین کی علاقائی خودمختاری کی شدید خلاف ورزی ہوئی ہے۔

ترجمان کے مطابق بھارتی فوج نے دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ متعلقہ معاہدوں اور اتفاق رائے کو نقصان پہنچایا ہے، بھارتی اقدام سے سرحدی علاقوں میں امن و استحکام کو بھی نقصان پہنچا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج کا یہ عمل دونوں طرف سے تناؤ کم کرنے کی سابقہ کوششوں کے برعکس ہے، چین بھارتی اقدامات کی سختی سے مذمت کرتاہے۔