برطانوی یوٹیوبر نے اسلام قبول کرلیا

September 02, 2020

برطانیہ سے تعلق رکھنے والے معروف یوٹیوبر جے جورج ولیم پلفری المعروف جے پلفری نے اسلام قبول کرلیا۔

نو مسلم یوٹیوبر نے اپنے یوٹیوب چینل پر ’میں مسلمان ہوگیا‘ کے عنوان سے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ میں یہ کسی کے ساتھ شیئر کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا تھا لیکن میرے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے سفر سے بہت سے لوگ بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔

جے پلفری نے کہا کہ ’میرے لیے یہ ضروری ہے کہ میں اسلام کا پیغام سب کے سامنے لاؤں جو واحدانیت، محبت اور امن کا پیغام ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ کچھ روز قبل انہوں نے تُرکی کی سلیمانیہ مسجد کا دورہ کیا اور آخر کار اپنی زندگی کا سب سے بڑا اور اہم قدم اُٹھانے کا فیصلہ کیا۔

07 منٹ اور 25 سیکنڈ پر مبنی ویڈیو میں انہیں استنبول کی سلیمانیہ مسجد میں کلمہ شہادت پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

جے پلفری نے کہا کہ دنیا بھر میں گھومنے پھرنے کے دوران میں نے حیرت انگیز لوگوں سے ملاقات کی، اپنے اس مستقل سفر کے دوران میں نے بہت کچھ سیکھا اور تجربہ حاصل لیکن اس کے ساتھ ہی مجھے روحانی وجود کو سمجھنے کا موقع بھی ملا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک میں رہتے ہوئے مجھے اسلام کی سچائی کا بھی اندازہ ہوا جو انتہائی خوبصورت، پُرامن لیکن سب سے زیادہ غلط فہمی کا شکار مذہب ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کو سمجھنے کے بعد مجھے یہ احساس ہوا کہ اسلام ہی وہ راستہ ہے جس کی مجھے برسوں سے تلاش تھی۔

یوٹیوبر نے کہا کہ دنیا بھر میں بہت سارے لوگ آج بھی اسلام کی اصل بنیادوں پر تنقید اور غلط فہمی رکھتے ہیں جبکہ اسلام امن ، یکجہتی، اتحاد اور محبت کا درس دینے والا مذہب ہے۔

اپنے پیغام کے آخر میں جے پلفری نے تمام چاہنے والوں اور حمایت کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

خیال رہے کہ جے پلفری برطانیہ کے مشہور و معروف یوٹیوبر ہیں جن کے یوٹیوب پر سبسکرائبرز کی تعداد 5 لاکھ 34 ہزار سے زائد ہے۔