وزیراعظم نے واضح کیا کہ افراد کا لاپتا ہونا ناقابل قبول ہے، شیریں مزاری

September 09, 2020


وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں واضح کیا کہ افراد کا لاپتا ہونا ناقابل قبول ہے، ہر طرح کے جرم سے نمٹنے کے لیے قوانین موجود ہیں۔

وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ ساجد گوندل کے معاملے پر آئی جی اور وزارت داخلہ کو سخت احکامات دیے گئے تھے ، ساجد گوندل کی بحفاظت واپسی پر خوشی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی خیریت کی اطلاع دی تھی، ان کا کہنا تھا کہ میں واپس آگیا ہوں اور محفوظ ہوں۔ سب دوستوں کا شکر گزار ہوں جو میرے حوالے سے پریشان رہے۔

ایس ای سی پی کے جوائنٹ ڈائریکٹر 3ستمبر کواسلام آباد سے لاپتہ ہوئے تھے۔ ان کی گاڑی زرعی تحقیقاتی مرکز شہزاد ٹاؤن کے قریب کھڑی ملی تھی۔