چیئرمین پیمرا کی غیر اخلاقی موادا ور انڈین چینلز کیخلاف کارروائی کی ہدایت

September 09, 2020

چیئرمین پیمرا کی غیر اخلاقی موادا ور انڈین چینلز کیخلاف کارروائی کی ہدایت

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے پیمرا ریجنل آفس کراچی کا دورہ کیا ،ریجنل جنرل منیجراشفاق جمانی نے چیئرمین پیمرا کو کراچی ریجنل آفس کی جانب سے غیر اخلاقی مواد اور انڈین چینلز کیخلاف کاروائیوں سے آگاہ کیا۔ چیئرمین پیمرا نے غیر اخلاقی مواد اور انڈین چینلز کیخلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کرنیکی ہدایت کی۔ چیئرمین پیمرا نے تمام افسران او ر فیلڈ سٹاف کو تاکید کی کہ وہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے غیر اخلاقی، بیہودہ اور انڈین چینلز کی کیبل ٹی وی پر ترسیل کے خاتمے کو یقینی بنائیں ، اجلاس میں چیئرمین پیمرا نے ان ہاؤس سی ڈی چینلز پر فحش اورغیر اخلاقی مواد نشر کرنیوالوں کیخلاف سخت ترین کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا۔ مزید براں، کیبل آپریٹرز کو یو ٹیوب یا کسی بھی غیر قانونی ذرائع سے غیر قانونی مواد نشر کرنے پر فوری کارروائی کرنے پر زور دیا۔ چیئرمین پیمرا نے پیمرا شکایات کونسل سندھ کے چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر طاہر مسعوداور ممبران ڈاکٹر محمد عاصم، ڈاکٹر فوزیہ ناز، دردانہ تنویر، سید سکندر علی اور مکیش کمار سے ملاقات بھی کی۔ چیئرمین پیمرا نے کونسل کی خدمات کو سراہا اور تمام کونسل ممبران کو الیکٹرانک میڈیا کی بہتری اور فروغ کیلئے مثبت اور مؤثر کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ چیئرمین پیمرا نے کونسل ممبران کو عوامی شکایات کی جلد شنوائی کر کے سفارشات اتھارٹی کو بھجوانے کی تلقین کی۔سلیم بیگ نے ناظرین کی طرف سے ڈراموں میں دکھائے جانیوالے موضوعات، معاشرتی، سماجی، اخلاقی اور مذہبی اقدار کے منافی مواد پرشکایات پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورتکیلئےپاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن ، یونائیٹڈپروڈیوسرز ایسوسی ایشن اور پاکستان ایڈورٹائزنگ سوسائٹی کے عہدیدروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے انٹرٹینمنٹ چینلز پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جو پیمراکیساتھ مشاورت سے سفارشات مرتب کریگی۔