عمران خان آرٹیکل 62 اور63پر پورا نہیں اترتے،خورشیدشاہ

September 09, 2020

سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن بلاول بھٹو کے استعفیٰ کا مطالبہ کس لئے کررہے ہیں، اگر قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے استعفیٰ کی بات کی جائے تو سمجھ میں آتی ہے، اگر مولانا کی یہ سوچ ہے کہ بلاول بھٹو قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیں تو پھر ہم سب کو استعفیٰ دینا چاہیے، عمران خان آئین کے آرٹیکل 62 اور 63پر پورا نہیں اترتے، عمران خان نے ووٹ لینے کے لئے دھوکہ و فریب کیا، عمران خان نے جو وعدے کئے تھے وہ وفا نہیں ہوئے، 2سال ایک مہینہ ہونے کے باوجود ان کا ایک بھی وعدہ پورا نہیں ہوا، آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 یہی کہتا ہے کہ جھوٹ نہیں بولنا، دھوکہ نہیں دینا، فریب نہیں کرنا۔ وہ احتساب عدالت سکھر کے باہر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ذاتی رائے ہے کہ پارلیمنٹ کو چلنا چاہیے، پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کرتی رہے، یہ برے دن ختم ہوجائیں گے۔