نعمان اعجاز نے بڑی عمر کا نقصان بتا دیا

September 09, 2020

سینئر اداکار نعمان اعجاز کا کہنا ہے کہ عمر کے بڑھنے کے ساتھ نظر تو کمزور ہوجاتی ہے لیکن بڑھتی عمر کے ساتھ سمجھنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔

اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بڑی عمر کی یہی بات مضحکہ خیز ہے کہ آپ کی نظر تو کمزور ہوجاتی ہے لیکن لوگوں سے حاصل کئے تجربات کی بدولت آپ کی دیکھنے کی صلاحیت قدرے بہتر ہوجاتی ہے۔‘



خیال رہے کہ نعمان اعجاز نے تقریباً ایک برس قبل عفت عمر کے ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جس کا ایک ویڈیو کِلپ اس وقت سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں زیرگردش ہے۔

تیزی سے وائرل ویڈیو کِلپ میں نعمان اعجاز اس بات کا اعتراف کرتے دکھائی دے رہے ہیں کہ وہ اپنی اہلیہ رابعہ کے ساتھ کئی بار بے وفائی کر چکے ہیں۔

دوران انٹرویو نعمان اعجاز نے اعتراف کیا کہ وہ بہت جلد ہی دوسری خواتین کے ساتھ محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں اور پھر ان کے ساتھ ڈیٹنگ بھی کرتے ہیں۔

نعمان اعجاز کے اس بے باک اعتراف پر میزبان عفت عمر نے حیرت سے پوچھا کہ کبھی پکڑے نہیں گئے تو نعمان اعجاز کہتے ہیں کہ ’میں بہت ذہین آدمی ہوں اور کبھی اپنی بیوی کو اپنے کسی معاشقے کے بارے میں پتا نہیں چلنے دیتا۔ یہی نہیں بلکہ ان خواتین کے شوہروں کو پتا نہیں چلتا جن کے ساتھ میرا معاشقہ چل رہا ہوتا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے: پاگلوں سے دوستی کرنا پسند ہے: نعمان اعجاز

اس کلپ کے وائرل ہونے کے بعد سامنے آنے والی تنقید کے بارے میں برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کو بڑھاوا نہیں دینا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گالیاں نکالنے دیں اور اپنے ذہنوں کو گندا کرنے اور کڑھنے دیں۔ یہ پاکستانیوں کی عادت ہے، ان کو اپنی زندگیوں میں کوئی دلچسپی نہیں ہے اور کوئی اپنے گریبان میں نہیں جھانک رہا، بس دوسرے پر انگلی اٹھانے کی عادت ہے۔

یہ بھی پڑھیے: نعمان اعجاز کا تنہائی کا شکار لوگوں کو مفید مشورہ

ان کا کہا کہ لوگوں کو جو کہنا ہے کہنے دیں، میری ذات کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ میں جانتا ہوں اور میرا رب جانتا ہے، مجھے کسی انسان کو وضاحت دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔