سہراب گوٹھ پولیس مقابلہ، کھانا کھا کر واپس آنے والے دو نوجوان بے گناہی پر رہا

September 10, 2020

سپر ہائی وے کے ہوٹل پر کھانا کھا کر واپس آتے ہوئے مبینہ پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کیے گئے دونوں نوجوانوں کو ابتدائی تحقیقات میں بے گناہ پائے جانے پر رہا کر دیا گیا ہے جبکہ فائرنگ کرکے فرار ہونے والے 2 ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ نعمان صدیقی کی ہدایت پر ڈی ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض نے واقعہ کی تفصیلی تحقیقات کیں۔ ڈی ایس پی سہیل فیض کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سپر ہائی وے پر پولیس کے اشارے پر نہ رکنے والے دو نوجوان تیز رفتاری سے نکلے تو پولیس نے تعاقب کیا۔

ان افراد کے پاس سرخ رنگ کی بغیر نمبر پلیٹ کی 125 سی سی موٹر سائیکل تھی۔ سہیل فیض کے مطابق سپر ہائی وے اور سہراب گوٹھ کے علاقے میں اسٹریٹ کرائم اور دیگر وارداتوں میں سرخ رنگ کی 125 سی سی موٹر سائیکل استعمال ہوتی رہی ہے۔ موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ نہ ہونے کی وجہ سے پولیس کو ان افراد پر زیادہ شک ہوا۔

یہ بھی پڑھیے: نوجوان کو گولی مار کر ڈاکو قرار دے دیا گیا

سہیل فیض کے مطابق پولیس کو پیچھے آتا دیکھ کر دوسری موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے فائرنگ کی جس سے گولی ہمایوں کو لگی جس سے وہ معمولی زخمی ہوا۔

ڈی ایس پی سہیل فیض کے مطابق تحقیقات کے دوران زیر حراست دونوں نوجوانوں کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ملا۔ تاہم انہوں نے پولیس کے اشارے پر نہ رکنے کی غلطی تسلیم کی، جس پر زخمی ہمایوں اور اس کے ساتھی شعیب کو سہراب گوٹھ تھانے سے رہا کر دیا گیا ہے اور انہیں اہل خانہ کے حوالے کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے دونوں اصل ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔