10 بار بلڈنگ خالی کروائی، پھر لوگ آ گئے: ڈی سی ساؤتھ

September 13, 2020

کراچی کے ضلع جنوبی کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ارشاد احمد کا کہنا ہے کہ 10بار ہم بلڈنگ خالی کروا چکے ہیں، پھر لوگ آ جاتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) جنوبی ارشاد احمد کراچی کے علاقے لیاری میں بلڈنگ گرنے کے حادثے کی جگہ پہنچ گئے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کے ملک نے بلڈنگ کرائے پر دی ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مالک کے خلاف کارروائی کے لیے حکمتِ عملی بنائی ہے، مالک نے کمزور عمارت کرائے پر کیوں اور کیسے دی۔

ڈی سی ساؤتھ نے کہا کہ مون سون کی وجہ سے کمزور ہونے والی عمارتوں کا سروے کریں گے، ایس بی سی اے کی جانب سے ساتھ موجود کمزور عمارت کو گرایا جائے گا۔

دوسری جانب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کا کہنا ہے کہ گرنے والی بلڈنگ کے ساتھ واقع ایک منزلہ عمارت کو بھی خالی کرا دیا گیا ہے۔

ترجمان ایس بی سی اے کے مطابق دوسری عمارت میں بھی مزدور رہائش پذیر تھے، ملوث عملے اور ٹھیکے دار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی، لیاری میں عمارت گر گئی، خاتون جاں بحق

واضح رہے کہ کراچی میں ایک ہفتے میں عمارت گرنے کا دوسرا واقعہ پیش آیا ہے، لیاری کے علاقے بہار کالونی میں کوئلہ گودام کے قریب ایک منزلہ عمارت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔

حادثے میں 12 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت میں مزدور رہائش پذیر تھے، نئی عمارت کی تعمیر کے لیے شاؤل چلنے سے گرنے والی عمارت مخدوش ہوگئی تھی، ایک اور عمارت بھی دراڑیں پڑنے پر خالی کرالی گئی ہے۔