کراچی کے علاقے لیاری میں ایک پانچ منزلہ عمارت گر گئی جس میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں۔
لیاری میں نیا آباد کی لیاقت کالونی گلی نمبر تین میں یہ کثیرالمنزلہ عمارت ناقص تعمیرات کی وجہ سے گری۔
اطلاعات کے مطابق اس رہائشی عمارت میں 40 سے زائد فلیٹس موجود تھے جبکہ اس کے گراؤنڈ فلور پر دکانیں بھی بنی ہوئی تھیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج، پاکستان رینجرز اور سندھ پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
اس سے قبل علاقہ مکینوں اور ریسکیو اداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت منہدم عمارت کے ملبے سے ایک گھنٹے بعد ایک لاش اور تین زخمیوں کو نکال لیا تھا۔
ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر کے مطابق عمارت خستہ حال ہو جانے کی وجہ سے مکینوں کو نوٹس دیئے گئے تھے، کئی خاندان فلیٹس خالی کرکے چلے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ اتوار کی صبح عمارت میں ایک اور دراڑ آنے کے باعث بھی عمارت کے کئی گھر خالی کردیئے گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملبے میں مزید کتنے لوگ دبے ہوئے ہیں اس بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔