عمران خان ڈرامےنہیں کرتے: شہباز گِل

September 14, 2020


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل نے مسلم لیگ نون کے صدر میاں محمد شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ڈرامے نہیں کرتے۔

شہباز گل نے شہباز شریف کے ٹوئٹس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ذمہ دار سربراہ مملکت کےطور پر اداروں کو کام خود کرنے دیتے ہیں، لیکن اگر آپ کو اس بات کی سمجھ ہو تو آپ خود ایسی حرکتیں کیوں کرتے۔

شہباز گل نے کہا کہ جب بھی کبھی لوٹ مار کا حساب دینا پڑا کبھی معافی مانگ کر جدہ چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا کر انقلاب لندن میں کافی پی رہا ہے۔

خیال رہے کہ شہباز شریف نے اپنے سوشل میڈیا پیغامات میں کہا تھا کہ عوام کی ضرورت کے وقت قیادت کا غائب ہو جانا وزیراعظم عمران خان کی شناخت بن چکی ہے۔

میاں محمد شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں حکومت اور وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اندوہناک موٹروے واقعے کے سبب لوگ خود کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں، عوام کو جب حکومتی قیادت کی ضرورت پڑتی ہے اُس وقت حکومتی قیادت کا غائب ہوجانا عمران خان کی شناخت بن چکی ہے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ لوگ خود کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں اور عمران خان کہیں نظر نہیں آ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اپنی خلوت گاہ میں خوش و خرم رہ رہے ہیں۔