کے پی حکومت کا ہیلی کاپٹر روس میں کیوں مرمت ہوا؟

September 15, 2020


خیبر پختون خوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر روس میں اوورہالنگ کے بعد پشاور پہنچ گیا، ہیلی کاپٹر کی بحالی پر 21 کروڑ 58 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔

صوبائی حکومت کو روس کی سرکاری کمپنی سے معاہدے کے باعث 28 کروڑ 22 لاکھ روپے کی بچت ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبائی حکومت کی طرف سے ادائیگی میں تاخیر اور کورونا وائرس کی وبا کے باعث ہیلی کاپٹر کی واپسی میں دو سال لگے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر ایم آئی 171 کی اوور ہالنگ پر 49 کروڑ 80 لاکھ روپے کے اخراجات کا تخمینہ تھا، تاہم پاک فضائیہ نے صوبائی حکومت کی مدد کی اور 21 کروڑ 58 لاکھ روپے میں ہیلی کاپٹر روس کی سرکاری کمپنی رشین ہیلی کاپٹر سے مرمت کروایا گیا۔

کے پی حکومت کے ہیلی کاپٹر کی اوور ہالنگ 2018ء میں کروانی تھی جس کے لیے پاکستان کی بعض نجی کمپنیوں سے پیشکشیں طلب کی تھیں جنہوں نے 49 کروڑ 80 لاکھ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا تھا۔

جس پر صوبائی حکومت نے پاک فضائیہ سے رابطہ کیا، جس نے مختلف بین الاقوامی کمپنیوں سے رابطہ کیا، جس کے نتیجے میں روس کی سرکاری کمپنی رشین ہیلی کاپٹر کے ساتھ ہیلی کاپٹر کی مرمت کا معاہدہ ہوا۔