پین اور انڈس ہسپتال کی طرف سے طبی سامان کی فراہمی کا عمل تیز

September 18, 2020

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) پروگریسو ایجوکیشن نیٹ ورک (پین) اور انڈس ہسپتال نے ٹینسنٹ کی طرف سے عطیہ کئے جانیوالے طبی سامان کی فراہمی کا عمل تیز کر دیا ہے۔ جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق پین ملک بھر میں 64 ہزار بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرتا ہے۔ پروگریسو ایجوکیشن نیٹ ورک پاکستان کے 15 اضلاع میں 255 سرکاری سکول چلا رہا ہے جہاں اس نے لاک ڈاون کے دوران اپنے طلباءکے 11 ہزار ایک سو خاندانوں میں اشیاءخوردنی تقسیم کیں۔ پین ذاتی حفاظتی سامان (پی پی ای) بھی تقسیم کر رہا ہے جس میں ملک کے 43 شہروں میں 103 ہسپتالوں میں صحت کے عملے میں ماسک، دستانے، چشمے اور سینیٹائزر شامل ہیں۔ پین اور انڈس ہسپتال صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کو مفت حفاظتی سامان کی فراہمی کیلئے شراکت دار ہیں۔چیئرمین بورڈ آف پروگریسو ایجوکیشن نیٹ ورک عمر خیام شیخ نے کہا کہ پین ہماری قوم کے صحت کی دیکھ بھال کرنیوالے عملے کی مدد کیلئے کوشش کر رہا ہے ۔سی ای او انڈس ہسپتال ڈاکٹر عبدالباری خان نے کہا کہ اس طرح کا عطیہ ٹینسنٹ کی طرف سے نہ صرف پاکستان میں صحت کے حکام کو مدد فراہم کرتا ہے بلکہ اس سے حوصلہ بھی بڑھے گا۔