کراچی: پولیس اہلکار کی ریکی کے بعد ٹارگٹ کلنگ

September 18, 2020


کراچی میں ریکی کے بعد پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ کا نیا واقعہ سامنے آیا ہے، کورنگی کراسنگ کے قریب فائرنگ میں پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

تفتیشی حکام کے مطابق مقتول اہلکار عارف کو ریکی کے بعد ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا۔

حکام کے مطابق مقتول عارف مدد گار 15 شارع فیصل پر تعینات تھا، اسے موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے تعاقب کرکے ٹارگٹ کیا۔

تفتیشی حکام کے مطابق ملزمان جاتے ہوئے مقتول اہلکار کا بیگ بھی ساتھ لے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق چند ماہ کے دوران 4 پولیس اہلکاروں کو کلرز کی جانب سے نشانہ بنایا جاچکا ہے۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل کورنگی کراسنگ کے علاقے میں ہی نجی کمپنی کا منیجر عمیر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا تھا۔

پولیس حکام نے مقتول کے حوالے سے بتایا کہ وہ کمپنی کے 11 لاکھ روپے ابراہیم حیدری میں واقع بینک میں جمع کرانے جارہا تھا۔