اے پی سی کی اندرونی کہانی، استعفوں کے معاملے پر گرما گرمی

September 21, 2020

اسلام آباد (جنگ نیوز) اے پی سی کی اندرونی کہانی، استعفوں کے معاملے پر گرما گرمی،بلاول اور نواز کی استعفے پر جبکہ زرداری اور فضل الرحمان کےدرمیان’’ میں بڑا ہوں‘‘ کی بحث ہوئی۔

تفصیلات کےمطابق اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی،ذرائع کاکہناہےکہ اے پی سی میں اسمبلیوں سے اپوزیشن کے استعفوں کے معاملے پر گرما گرمی دیکھی گئی۔

بلاول نے ایک موقع پر نوازشریف کو اسمبلیوں اور سندھ حکومت سے استعفوں کی پیشکش کی، بلاول نے کہا ہم استعفیٰ نون لیگ کو جمع کراتے ہیں۔

نوازشریف وطن واپس آکر استعفیٰ اسپیکر کو پیش کر دیں، نواز شریف نے جواب میں کہاکہ میں استعفوں کا مخالف نہیں،چاہتا ہوں حکومت کے خلاف دبائو بنا کر استعفیٰ دیے جائیں۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمن استعفوں کے بارے میں پارٹی رہنمائوں سے بحث کرتے رہے، آصف زرداری نے ایک موقع پر کہا کہ مولانا میں آپ سے تین سال بڑا ہوں چھوٹوں سے بات منوانا جانتا ہوں جبکہ مولانا فضل الرحمن نے تکرار کی اور کہا کہ نہیں میں3سال بڑا ہوں میں اپنی بات منوالوں گا تاہم اے پی سی میں اسمبلیوں سے استعفوں کے معاملے پر اتفاق نہ ہوسکا۔

اے پی سی کے دوران ہر دور میں حکومت میں رہنے والوں کو پارٹیوں میں نہ لینے کا فیصلہ بھی ہوا۔