جو مسئلہ ہوتا ہے، کہا جاتا ہے NRO نہیں دونگا، احسن اقبال

September 22, 2020


مسلم لیگ نون کے رہنما و سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال کہتے ہیں کہ جو مسئلہ ہوتا ہے کہا جاتا ہے کہ این آر او نہیں دوں گا۔

سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال اپنے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کیس کی سماعت کے سلسلے میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

پیشی سے قبل احاطۂ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما و سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ قوم تیاری کرے، سردیوں میں گیس کا بحران ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ اے پی سی اور نواز شریف کے خطاب نے بھارت کو خوش کر دیا۔

سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ بھارت اس لیے خوش ہے کہ عمران نیازی نے پاکستان کو سفارتی محاذ پر تنہا کر دیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ بطور وزیرِ منصوبہ بندی 3200 ارب روپے اپنی وزارت سے جاری کیئے، جبکہ 32 روپے کی کرپشن نہیں ہوئی۔

نون لیگی رہنما و سابق وزیرِ داخلہ نے یہ بھی کہا کہ نیب کی وجہ سے پاکستان کا انتظامی دھانچہ مفلوج ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سابق وزیرِداخلہ احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔

نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کیس میں نیب تاحال ریفرنس دائر نہیں کر سکا ہے۔

احتساب عدالت نے ریفرنس دائر ہونے تک ملزمان کو اپنی مرضی سے عدالت میں پیش ہونے یا نہ ہونے کی اجازت دے رکھی ہے۔