آئی اے ای اے کے ساتھ باہمی مفاد پر تعلقات ہیں، محمد نعیم

September 24, 2020

اسلام آباد (حنیف خالد) چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن محمد نعیم نے کہا ہے کہ پاکستان جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال سے بہت زیادہ فائدہ اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات ویانا میں منعقدہ 64ویں آئی اے ای اے جنرل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئی اے ای اے کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعلقات استوار ہیں۔ کووڈ 19 وباء کی وجہ سے بہت سے مندوب ویڈیو لنک کے ذریعہ اس تقریب میں شریک ہو رہے ہیں۔ کانفرنس کے پہلے روز ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی رافیل ماریانو گروسی نے دنیا میں ایٹمی سرگرمیوں کی نگرانی اور تصدیق میں آئی اے ای اے کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے رکن ممالک کو کوویڈ19 کے پھیلائو پر قابو پانے میں مدد کیلئے آئی اے ای اے کی طرف سے ٹیسٹنگ کٹس کی فراہمی وغیرہ کے مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ اپنے ویڈیو ریکارڈ قومی بیان میں چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن محمد نعیم نے سفیر عزالدین فرہانے کو 64 ویں جنرل کونسل کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں اور آئی اے ای اے کو پاکستان کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ محمد نعیم نے کہا کہ ایٹمی توانائی صاف ستھرے، سستے اور قابل اعتماد ذریعے کی حیثیت سے موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے اور پائیدار ترقی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ 1100 میگاواٹ کے دو نیوکلیئر پاور پلانٹ تکمیل کے قریب ہیں اور توقع ہے کہ اگلے سال تک یہ قومی گرڈ سے منسلک ہو جائیں گے۔ چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے ایٹمی بجلی گھروں کے ذریعے بجلی پیدا کرنے میں پی اے ای سی کے کردار جبکہ پاکستان کو زراعت، صحت کی دیکھ بھال اور انجینئرنگ، مینو فیکچرنگ، ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ اور بہت سے دیگر متنوع شعبوں میں ایٹمی ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے ذریعہ پیش کردہ معاشرتی اور معاشی ترقی کے اہداف کے حصول میں کردار کو بھی اجاگر کیا۔ چیئرمین پی اے ای سی نے کویڈ19 وباء کے دوران آئی اے ای اے کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔