جامعہ بلوچستان انتظامیہ نے بلوچوں کو دیوار سے لگادیا‘بی ایس او پجار

September 24, 2020

کوئٹہ(پ ر) بی ایس او پجار کے مرکزی ترجمان نے بیان میں جامعہ بلوچستان کی پالیسیوںپر تنقید کرتے ہوے کہا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ داخلہ پالیسیوں و دیگر انتظامی امور میں بلوچوں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کررہی ہے جو قابل مذمت ہے۔ نئے سال کے داخلوں میں فرد واحد کی مرضی اور مخصوص ٹولے کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے داخلوں کو اوپن میرٹ کی بنیاد پر رکھ کر اقرباء پروری اور نااہلی کی انتہا کردی گئی۔اوپن میرٹ کی بنیاد پر داخلوں کو مسترد کرتے ہیں اور بلوچوں کو تعلیم سے دور رکھنے کی ہر سازش بے نقاب کرینگے۔ بیان میں کہا گیا کہ یونیورسٹی کی 88 ویں سینڈیکیٹ میٹنگ میں کئی غیر قانونی و اقرباء پروری کی بنیاد پر پروموشن اور تعیناتی ہوئی ۔ شعبہ امتحانات کہی عرصے سے ہائی جیک ہے ہم گورنر بلوچستان سے اپیل کرتے ہیں کہ شعبہ امتحانات بلوچستان یونیورسٹی شفاف آڈٹ کرایا جائے تاکہ دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہو ۔ ترجمان نے آخر میں مطالبہ کیا کہ اوپن میرٹ کی بنیاد پر داخلہ پالیسی بلوچ طلباء پر ایک اور ظلم اور تعلیم دشمنی عمل ہے جو کسی صورت قبول نہیں ۔