ہندوؤں کا بھارتی ہائی کمیشن تک جانے کی اجاز ت دینےکا مطالبہ

September 25, 2020

ہندو کونسل کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کا کہنا ہےکہ جب تک بھارت مقتول ہندوؤں کی ایف آئی آر، تحقیقاتی رپورٹ پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالےنہیں کردیتا، تب تک دھرنا جاری رہے گا۔

انہوں نے ڈپلومیٹک انکلیو میں داخلے اور بھارتی ہائی کمیشن تک جانے کی اجاز ت دینےکا مطالبہ بھی کیا ۔

رمیش کمار نے کہا کہ میرا موقف نہیں کہ سڑک بلاک کر کے لوگوں کو تکلیف دوں، ہمیں ڈپلومیٹک انکلیو میں بھارتی سفارتخانے کے پاس بیٹھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اُس وقت تک یہاں رہیں گے جب تک بھارتی ہائی کمیشن ایف آئی آر، تحقیقاتی رپورٹ حوالےنہیں کردیتا، ہزاروں کی تعداد میں لوگ ملک کے کونے کونے سے آئے ہیں، جب تک بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کو رسائی نہیں دے دی جاتی ہم یہاں بیٹھے رہیں گے۔

رمیش کمار نے کہا کہ 50 فیصد خواتین دھرنے میں شامل ہیں، رات انتظامیہ نے ہمیں بہت تنگ کیا، بیریئر لگائے، ہم پرامن ہیں، اپنا حق مانگنے آئے ہیں، کسی سفارتخانے کو نقصان نہیں ہوگا، ہمیں اندر جانے دیں اور پرامن انداز میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے بیٹھنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں کورونا کی نحوست بڑھ رہی ہے، پاکستان میں کورونا ختم ہو رہا ہے، ہمیں سمجھوتا ایکسپریس کا حساب لینا چاہیے۔