وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ جودھ پور میں پاکستانی ہندوؤں کے ساتھ زیادتی پر بھارت کا رویہ نامناسب ہے، ہندوستان کی حکومت کو مکمل تحقیقات کرنی چاہیے،11 افراد کے قتل پر بھارت جوابدہ ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کی ہندو کمیونٹی کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، انصاف کے حصول کے لیے حکومت پاکستان ہندو برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ بھارت کا رویہ انتہائی افسوس ناک ہے، جنہیں مارا گیا ان کو پاکستان کے خلاف بولنے کا کہہ رہے تھے، پاکستان کا ناحق خون جودھ پور میں بہا ہے بھارت اس خون کا جواب دے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی برداری یہ سب دیکھ رہی ہے، ہندوستان میں اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں، جبکہ اقوام عالم ہندوستان کی قیادت سے پریشان ہیں۔