مریم نے آج چچا کی سیاست دفن کردی،عدالتیں ریلیف دیں تو اچھی فیصلہ خلاف آئے تو تنقید، وفاقی وزراء

September 29, 2020


عدالتیں ریلیف دیں تو اچھی فیصلہ خلاف آئے تو تنقید، وفاقی وزراء

اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزراءنے کہا ہے کہ مریم نواز نے شہباز شریف کی سیاست کو مفاہمت پر مبنی قرار دے کرآج اپنے چچاکی سیاست دفن کردی ‘عدالتیں انہیں ریلیف دیں تو بہت اچھی ہیں اوراگر فیصلہ خلاف آئے تو اس پر تنقید کرتے ہیں۔

وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فرازکا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری کی ایک وجہ غیر قانونی اثاثہ جات کیس میں عدالت کو مطمئن نہ کرنا ہےجبکہ مشیراحتساب شہزاداکبر کہتے ہیں کہ شہباز شریف نے دھیلے کی نہیں بلکہ اربوں روپے کی کرپشن کی۔

وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے شہباز شریف کی گرفتاری کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہاہ ے کہ گرفتاری پر تحریک انصاف کو الزام دینا درست نہیں جبکہ معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ شوباز شریف معزز عدالت کے سامنے گزشتہ 8 ماہ کی ناکام فنکاری کے علاوہ کچھ نہ پیش کر سکے‘شہباز شریف این آر او کے لیے ہر سیاسی قیمت دینے کو تیار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری کی ایک وجہ غیر قانونی اثاثہ جات کیس میں عدالت کو مطمئن نہ کرنا ہے‘ ماضی میں صحت کی بنیاد پر نواز شریف کو ضمانت دینے والی عدالتیں بہت اچھی تھیں اور جو عدالتیں خلاف فیصلہ دیں ان کے بارے میں گٹھ جوڑ کا تاثر دیا جاتا ہے۔

یہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، نواز شریف اور شہباز شریف نے آج تک ایک سوال کا جواب نہیں دیا، ہمیشہ جمہوریت ،سیاسی انتقام کے پیچھے اپنے آپ کو مظلوم بنایا‘ نواز شریف اور شہباز شریف بتائیں کہ انہوں نے اتنے پیسے اور اثاثے کس طرح بنائے۔ وہ پیر کی شام پی آئی ڈی میں مشیر داخلہ و احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔