سیاسی ومذہبی جماعتوں نےنوجوانوں کو ذاتی مقاصد کیلئےاستعمال کیا،جے آئی یوتھ

September 29, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جے آئی یوتھ پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہد نوید ملک اور صوبائی صدر نورالدین غلزئی نے کہا ہے کہ سیاسی و مذہبی جماعتوں نے نوجوانوں کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئےاستعمال کیا ان کو روزگار و تعلیم سے دور رکھا ،بار بار اقتدار میں آنے والوں نے نوجوانوں اور اسلامی نظام کے قیام و دینی حکومت کیلئے کچھ نہیں کیا جو بھی منتخب ہوکر آتا ہے خود مالا مال ہوکر جاتا ہے جبکہ مظلوم پریشان حال عوام اور بے روزگار نوجوانوں کو ان کی اپنی حالت پر چھوڑ دیتا ہے ،نوجوان جماعت اسلامی یوتھ میں شامل ہوکر ملک میں عادلانہ اسلامی حکومت کے قیام کیلئے ہمارا ساتھ دیں نوجوانوں کا جے آئی یوتھ میں شمولیت خوش آئند ہے نوجوان ہر برائی ومنکرات کے خلاف منظم ہوکر جدوجہد کریں تاکہ اسلامی حکومت کی راہ ہموار ہو،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے صوبائی دفتر میں عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے آئی یوتھ کوئٹہ کے صدر نقیب اللہ اخوانی ، سٹی صدر عبدالرافع خلجی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم ، روزگار اور ترقی سے دور کردیا ہے۔ کرپٹ لوگ مالا مال اور اقتدار پر براجمان جبکہ عوام باالخصوص نوجوان بیروزگاری و دیگر مسائل کا شکار ہیں ،سیکولر طبقات نے مسلم نوجوانوں میں فحاشی و عریانی پھیلانے کی سازش کرکے انہیں بے راہ روی کی راہ پرگامزن کرنے کی کوشش کی ہے جس کا مقابلہ جے آئی یوتھ کے دیندار نوجوانوں نے اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر منظم انداز میں کرنا ہے ۔ نوجوان ہی ملک و ملت کا اہم طبقہ ہے اور دشمن کا ٹارگٹ بھی مسلم بالخصوص دین دار نوجوان ہیں ، نوجوان اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر دینی و عصری تعلیم سے لیس ہوکر قوم کی رہنمائی و قیادت کریں ۔ جے آئی یوتھ نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے ملک سے غربت ، بدعنوانی کا خاتمہ کرکے دیانت دار اسلامی حکومت و ایماندار حکمران لانے کی کوشش کررہی ہے ، جماعت اسلامی اقتدار میں آکر نوجوانوں کو روزگار و تعلیم کی بہترین سہولیات دے گی۔