مودی حکومت کی انتقامی کارروائیاں، ایمنسٹی نے بھارت میں دفاتر بند کردیئے

September 30, 2020

مودی حکومت کی انتقامی کارروائیاں، ایمنسٹی نے بھارت میں دفاتر بند کردیئے

نئی دہلی (جنگ نیوز )انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جانے کے بعد بھارت میں اپنی سرگرمیاں بند کر دی ہیں۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے تنظیم کو مسلسل ہراساں کیے جانے کا سامنا ہے۔ایمنسٹی نے کہا ہے کہ اُنہیں 10 ستمبر کو علم ہوا کہ بھارت میں اُن کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں اور عملے پر ملک چھوڑنے کے علاوہ تحقیقی کام اور مہم کو روکنے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔غیر سرکاری تنظیمیں یہ شکایات کرتی رہی ہیں کہ اُنہیں انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کرنے اور خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں پر آواز بلند کرنے کے نتیجے میں انتظامیہ کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔بھارتی حکومت کی جانب سے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جانے سے متعلق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے منگل کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی حکومت ان کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر رہی ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق تنظیم نے تسلسل کے ساتھ ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز بلند کی۔ رواں برس فروری میں پولیس کے ہاتھوں نئی دہلی میں نسلی فسادات اور مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بے رحمانہ سلوک کے خلاف آواز اٹھائی جس کے بعد تنظیم کے اکاؤنٹس کو منجمد کیا جانا کوئی حیرت کی بات نہیں۔ایمنسٹی انٹرنیشنل، بھارتی حکومت سے کشمیر میں شہری ہلاکتوں اور پبلک سیفٹی ایکٹ کی منسوخی کے مطالبات بھی کرتی رہی ہے۔