میر شکیل الرحمان کو عوام کیلئے آواز اٹھانے کی سزا دی جارہی ہے، مقررین

September 30, 2020

میر شکیل الرحمان کو عوام کیلئے آواز اٹھانے کی سزا دی جارہی ہے، مقررین

کراچی ، لاہور ،راولپنڈی(اسٹاف رپورٹر ، نمائندگان جنگ)ایڈیٹر انچیف جنگ جیو اور دی نیوز میر شکیل الرحمان کی200دن سے گرفتاری اور آزادی صحافت پر قدغن کے خلاف کراچی ، لاہو ر اور راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہروں اور احتجاجی کیمپوں کاسلسلہ منگل کے روز بھی جاری رہا ، اس موقع پر سیاسی رہنمائوں ، صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں اور مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ، مقررین نے کہا کہ میرشکیل کو عوام کیلئے آواز بلند کرنے کی سزا دی جارہی ہے،مقررین نے میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کیمذمت کی اور ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میر شکیل الرحمان نے ہمیشہ ملک میں سیاست کو پروان چڑھانے ،آزادی رائے ،آزاد صحافت اور عوام کی آواز کو بلند کیا،جس کی انہیں سزا دی جارہی ہے، دوسری جانبکراچی میں صحافتی تنظیموں، جنگ جیو ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام میرشکیل الرحمان رہائی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن انجمن فلاح و بہود برائے خواتین بابرا اسماعیل نے کہا کہ بے قصور، بے گناہوں کو حکومتی غلط کاموں پر مخالفت کرنے پر سزا دی جارہی ہے، میرشکیل الرحمان آزاد میڈیا کی پہچان ہیں، وہ اس ادارے کے مالک ہیں جو غریبوں، مظلوم اور بے کسوں کا سہارا بنتا ہے اور ان کی خبروں کو ایوان بالا تک پہنچا کر ان کے مسائل حل کرواتا ہے، پورے کراچی میں خواتین میرشکیل الرحمان کی رہائی کیلئے ریفرنڈم کی تحریک چلائیں گی۔ کیمپ سے ایپنک کے سیکرٹری جنرل شکیل یامین کانگا، سینئر صحافی تصدق غوری، ایپنک کراچی کے وائس چیئرمین رانا محمد یوسف اور دی نیوز یونین کے جنرل سیکرٹری دارا ظفر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر انجمن فلاح وبہبود برائے خواتین کی رکن ڈاکٹرحور شاکر، فلک یوسف، ثنا خان بھی موجود تھیں۔ بابرا اسماعیل نے کہا کہ جنگ گروپ کے بانی میرخلیل الرحمان نے سائیکل پر اپنا اخبار بیچ کر اس ادارے کی آبیاری کی اور آج جنگ گروپ پاکستان کا ہی نہیں دنیا کا سب سے بڑا اردو کا ادارہ ہے، حکمراں چاہتے ہیں کہ یہ ادارہ بند ہوجائے گا تو یہ تمہاری بھول ہے یہ ادارہ پہلے سے زیادہ ترقی کرے گا۔ یہ غریبوں اور بے کسوں کی مدد کرنے والا ادارہ ہے اس کوئی تباہ و برباد نہیں کرسکتا۔ شکیل یامین کانگا نے کہا کہ میرشکیل الرحمان فرد واحد کا نام نہیں یہ پوری میڈیا انڈسٹری کی نام ہے۔ جنگ اور جیو سے اس ملک کے عوام محبت کرتے ہیں اور آج بھی اس ادارے کا نام اس نے جاری ہونے والی مطبوعات پاکستان بھر میں سب سے ٹاپ پر ہے۔