کراچی میں پہلا مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

September 30, 2020

کراچی میں پہلا مائیکرو اسمارٹ لاک ڈؤان نافذ کردیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن 15 اکتوبر شام 7 بجے تک نافذ رہےگا۔

کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد کراچی میں گڈاپ کے علاقے منگھوپیر یوسی 8 میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نا فذ کیا گیا ہے، منگھو پیر یوسی 8 میں سمامہ ولاز اور صائمہ سٹی سے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق منگھو پیر یو سی 8 میں غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا جائے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق علاقے میں تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی، صرف راشن کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کھولنے کی اجازت ہوگی۔

کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے لگے، NCOC

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز کی صورتِ حال پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں، ملک میں کورونا وائرس کے 747 کیسز میں سے 365 صرف کراچی کے ہیں۔

بریفنگ کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان کےمعاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کو روکنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافد کیاجائے۔

سیکریٹری ہیلتھ سندھ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کی بریفنگ میں بتایا کہ شہری انتظامیہ کراچی کی صورتِ حال مانیٹر کررہی ہے۔

این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 5 افراد انتقال کر گئے، مجموعی اموات 6 ہزار 479 ہو گئیں۔

این سی او سی اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس وقت کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 8 ہزار 903 ہے، جبکہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے 32 ہزار 31 ٹیسٹ کیئے گئے۔