ضمانت منسوخی، اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع، نواز شریف کا باہر جانا نظام کی تضحیک اور دھوکا، لندن بیٹھا حکومت اور عوام پر ہنستا ہوگا، اسلام آباد ہائیکورٹ

October 01, 2020

ضمانت منسوخی، اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

اسلام آباد (اے پی پی، جنگ نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت کے دوران جسٹس محسن اخترکیانی نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ملزم (نواز شریف) حکومت اور عوام کو دھوکا دیکر گیا ہے، ملزم کا باہر جانا نظام کی تضحیک ہے، ملزم لندن میں بیٹھ کر حکومت اور عوام پر ہنستا ہوگا، نہایت شرمندگی کا مقام ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ ہم نے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے، دیکھنا ہےکہ کیا جان بوجھ کرعدالتی کارروائی سے فرار کیا جارہا ہے؟ ہم طریقہ کار کے تحت چل رہے ہیں اور اسی کے تحت کارروائی آگے بڑھائین گے، اس ساری ایکسر سائز کا مقصد یہ ہے کہ کل نوازشریف واپس آکر یہ موقف اختیار نہیں کرسکتے کہ انہیں موقع نہیں دیا گیا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیر اعظم نے ایک بار پھر وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار کردیا،ہمیں بتایاگیا پاکستانی عدالت کے احکامات پر عملدرآمد کے وہ پابند نہیں، انہوں نے ملزم کے وارنٹ گرفتاری کی عدم تعمیل رپورٹ عدالت میں پیش کی، عدالت کی پاکستانی ہائی کمیشن کے قونصلرا تاشی کا ویڈیو لنک بیان ریکارڈ کرنے کی ہدایت کی،عدالت عالیہ نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کاروائی شروع کر دی۔

عدالت نے ایون فیلڈریفرنس میں ضمانت منسوخی کی درخواست بھی سماعت کیلئے منظور کرلی اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی عدالت عالیہ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں نواز شریف کی سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت کی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھراور نیب پراسیکیوٹر جنرل جہانزیب بھروانہ عدالت پیش ہوئے،عدالت نے استفسار کیاکہ نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل پر کیا پیش رفت ہوئی؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایاکہ پاکستانی ہائی کمیشن کے افسر راو عبدالحنان نواز شریف کے وارنٹ لیکر ایون فیلڈ اپارٹمنٹس گئے اور نواز شریف کے وارنٹ کی تعمیل کرانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن نواز شریف کی رہائش گاہ پر تعینات شخص ایڈی نے وارنٹ وصول کرنے سے انکار کردیا۔

جس پر عدالت نے کہاکہ ہم نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے، دیکھنا ہے کہ کیا جان بوجھ کر عدالتی کارروائی سے فرار کیا جا رہا ہے؟نواز شریف کے وکیل بیان دے چکے کہ انہیں وارنٹ گرفتاری کا علم ہے،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ ہائی کمیشن نے کامن ویلتھ آفس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔