وزیراعظم کے والد کی فیس ماسک کے بغیر شاپنگ کرتے ہوئے تصویر

October 02, 2020

لندن ( پی اے ) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے والد سٹینلے جانسن نے فیس کورنگ کے بغیر شاپنگ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سٹینلے جانسن کو ایک تصویر میں ویسٹ لندن کے ایک نیوز ایجنٹس پر فیس ماسک کے بغیر اخبار کی شیلف کا جائزہ لیتے دکھایا گیا ہے جس میں بظاہر رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان کا منہ اور ناک کھلی ہوئی ہے۔ مرر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم بورس جانسن کے والد سٹینلے جانسن نے کہا کہ وہ تین ہفتوں کے بعد بیرون ملک سے انگلینڈ آئے ہیں اس لئے اتنی تیزی کے ساتھ موجودہ نئے کورونا وائرس رولز پر 100 فیصد عمل کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے، تاہم انہیں اس خلاف ورزی پر انتہائی افسوس ہے۔ سٹینلے جانسن نے کہا کہ میں ہر ایک سے یہ درخواست کرونگا کہ وہ سماجی فاصلے سے متعلق حکومت کی اعلان کردہ نئے کورونا وائرس رولز پر ہر ممکن عمل کرنے کی کوشش کریں اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں اور پبلک مقامات پر ماسک پہنیں۔ انہوں نےکہا کہ حقیقت یہ ہے کہ تین ہفتے بیرون ملک گزارنے کے بعد برطانیہ میں یہ میرا پہلا دن تھا اور میرے خیال میں مجھے ان رولز کے بارے میں علم نہ ہونے پر کوئی عذر تلاش نہیں کرنا چاہئے۔ مجھے اس صورت حال پر افسوس ہے۔