30 فیصد علاقوں سے ہم پانی نہیں نکال سکے، عمران خان نے بارش زدہ کراچی کو کونسا پیکیج دیا، مراد علی شاہ

October 03, 2020


لاڑکانہ (این این آئی، جنگ نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ لوگ کہتے ہیں کہ کورونا واپس آگیا جبکہ میں سمجھتا ہوں وائرس کہیں گیا نہیں تھا، عمران خان نے بارش زدہ کراچی کونسا پیکیج دیا ہے۔ لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اعتراف کیا کہ مون سون کی ہونے والی بارشوں کا پانی 70 فیصد علاقوں سے نکالا جاچکا ہے جبکہ بقیہ 30؍ فیصد علاقوں سے نکالنے کے اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ لوگ کہتے ہیں کہ کرونا واپس آگیا جبکہ میں سمجھتا ہوں وائرس کہیں گیا نہیں تھا، ہم نے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بروقت اسکول بندکئے،عوام ہرگز نہ سمجھیں کرونا ختم ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ نے ایک دن میں سب سے زیادہ 8 ہزار کرونا ٹیسٹ کیے، گزشتہ ہفتے نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہاکہ ہم وزیراعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں کہ انہیں کراچی کا خیال آگیا، عمران خان کو پورے سندھ کا دورہ کرنا چاہیے تھا مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔انہوں نے وفاقی حکومت سے ایک بار پھر این ایف سی میں سندھ کا جائز حصہ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمیں حصہ نہیں دیتے تو ٹیکس وصولی کا نظام ہی ہمارے حوالے کردیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم پر تنقید اور انکو گالیاں دینے والا وزیراعظم ایم کیو ایم کے بانی کے ساتھیوں کے ساتھ بیٹھا ہوا ہے۔ وزیراعظم اور وفاقی وزراء نفرتیں پھیلانے پر لگے ہوئے ہیں۔