گھر کی تعمیر سے پہلے کچھ ضروری باتیں جانیے

October 04, 2020

’اپنا گھر‘ سب کا خواب ہوتا ہے۔ اپنی پسند کا تعمیر شدہ گھر تلاش کرنا بھی ایک مشکل طلب ہدف ہوتا ہے، ایسے میں کئی لوگ زمین خرید کر اپنی مرضی کا گھر خود بنوانا پسند کرتے ہیں۔ تاہم گھر تعمیر کروانے کا عمل جس قدر خوشگوار ہوتا ہے، وہ اتنا ہی تھکادینے والا بھی ہوتا ہے۔

اپنے خوابوں کا گھر تعمیر کروانے کے لیے پہلے آپ کو تعمیراتی عمل سمجھنا پڑے گا، ساتھ ہی آپ کو ان مشکلات اور مسائل کے لیے تیار رہنا ہوگا، جن کا اس دوران آپ کو سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اپنے خوابوں کے گھر کی تعمیر کے لیے آپ کو کن کن مراحل سے گزرنا ہوگا، آئیے جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔

ڈیزائن کی اہمیت

اپنے خوابوں کے گھر کا ڈیزائن تیار کرنے کا سب سے اچھا طریقہ یہ ہے کہ آپ ایک آرکیٹیکٹ یا تعمیراتی کمپنی کی خدمات حاصل کریں۔ آپ کا تعلق چاہے ملک کے کسی بھی شہر سے ہو، مقامی آرکیٹیکٹس وہاںتعمیرات کے رہنما اصولوں اور قواعد سے باخبر ہوتے ہیں اور وہ آپ کے گھر کا ڈیزائن آپ کو ان ہی قوانین کے مطابق تیار کرکے دیں گے۔ مقامی ریگولیٹری قوانین کے علاوہ، آرکیٹیکٹ آپ کی ضروریات جاننے کے بعد، گھر کا ڈیزائن بناتے وقت درج ذیل چیزوں کو بھی مدِنظر رکھے گا۔

٭ اس گھر میں آپ کیا چاہتے ہیں، جیسے بیڈرومز کی تعداد، بیڈ رومز کا سائز، کچن، لیونگ روم اور اسپیشل فنکشن روم وغیرہ

٭ ہوا کی گزر گاہیں (وینٹی لیشن) جیسے دروازے اور کھڑکیاں

٭ قدرتی روشنی حاصل کرنے کا انتظام

٭ جمالیاتی تزئین و آرائش

٭ نکاسی آب کا نظام

٭ فنگ شوئی (اگر آپ فنگ شوئی کے اصولوں کے مطابق گھر تعمیر کروانا چاہتے ہیں)

ڈیزائن کی تیاری کے بعد دوسرا مرحلہ یہ ہوگا کہ آپ تعمیرات کو ریگولیٹ کرنے والے سرکاری اداروں سے اس ڈیزائن کی منظوری حاصل کریں۔

ڈیزائن کی توثیق

جب آرکیٹیکٹ کی مدد سے آپ کے خوابوںکے گھر کا مکمل پلان تیار ہوجائے تو اس کی منظوری کے لیے اسے آپ کو مقامی سرکاری ریگولیٹری ادارے (بلڈنگ کنٹرول یا ڈویلپمنٹ اتھارٹی) کے پاس جمع کرانا ہوگا۔ اس کے لیے آپ کو مقامی اداروں کو فیس کی ادائیگی کرنا ہوگی۔ تعمیراتی عمل میں ہاتھ ڈالنے سے پہلے اپنے پلان کی ہر طرح سے منظوری حاصل کرلیں اور اس کے مطابق ہی کام کریں۔ ساتھ ہی آپ کو پانی، گیس اور بجلی کنکشن حاصل کرنے کے لیے بھی متعلقہ یوٹیلیٹی اداروں کو درخواست دینا ہوگی۔

ڈرائنگز کی تیاری

اپنے خوابوں کے گھر کی تعمیر کے لیے ایک اسٹرکچرل انجینئر اور ایک MEP (میکینکل، الیکٹریکل اینڈپلمبنگ) انجینئر کی خدمات حاصل کریں اور اسٹرکچرل، پلمبنگ اور الیکٹریکل کی مطلوبہ ڈرائنگز تیار کروالیں۔ اکثر اوقات انفرادی گھر تعمیر کروانے لوگ اسٹرکچرل ڈرائنگز تیار نہیںکرواتے، جوکہ 2وجوہات کے باعث غلط فیصلہ ہے:

1- چونکہ بنیادی طور پر یہ ٹھیکیدار کا کام نہیں، اس لیے جب ٹھیکیدار سے یہ کام لیا جاتا ہے تو وہ زیادہ مٹیریل خرچ کردیتا ہے۔ پہلے سے باقاعدہ طور پر تیار کردہ ڈیزائن کی موجودگی میں ایک تو مٹیریل کا ضیاع بچے گا تو دوسری طرف زیادہ وقت بھی صرف نہیں ہوگا۔

2- متعلقہ انجینئرز آپ کی ضروریات کے مطابق ڈرائنگز تیار کریں گے، جبکہ ٹھیکیدار گھر کے عمومی پلان کے مطابق کام کرے گا، ایسے میں اگر مستقبل میں آپ توسیعی کام کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو انجینئر آپ کی ضروریات کے عین مطابق اس کی ڈرائنگز تیار کرکے دے گا۔

ٹھیکیدار کا انتخاب

ایک بار جب آپ پلان، ڈرائنگز اور ضروری منظوری حاصل کرلیں، تو اس کے بعد آپ کو ایسے ٹھیکیدار سے رابطہ کرنا ہوگا جو ڈرائنگ کے مطابق آپ کو گھر تعمیر کرکے دے سکے۔ اس سلسلے میں آپ جو پیش کشیںحاصل کریںگے، اس میں آپ کو انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ہرچندکہ بنیادی سول انجینئرنگ ایک ہے، لیکن مارکیٹمیںایسی کئی تیکنیکس، مٹیریل اور برانڈز موجود ہیں، جن کی وجہ سے تعمیراتی لاگت میں بڑا فرق آجاتا ہے۔

کون سا مٹیریل استعمال کرنا چاہیے؟

مارکیٹمیں درجنوں تعمیراتی مٹیریل اور برانڈز دستیاب ہیں۔ ان میں سے آپ کے لیے کون سا مٹیریل دُرست رہے گا، اس کا انتخاب کرنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ ہرمٹیریل اور برانڈ کے اپنے فائدے اور نقصانات ہیں، جن کی قیمت میں بھی فرق ہوتا ہے۔ اپنے گھر کے لیے دُرست مٹیریل کا انتخاب کرنے میں آپ ماہرین کی رائے لے سکتے ہیں۔ آپ انھیں اپنی ضروریات اور بجٹ بتائیں، جس کی روشنی میں وہ آپ کی بہتر رہنمائی کرسکیں گے۔

رقم کا انتظام

اس مرحلے تک آپ تعمیرات کا آغاز کرنے سے پہلے تمام ضروری کام کرچکے ہیں اور آپ کو اخراجات کا بھی تقریباً دُرست اندازہ ہوچکا ہے، اب آپ کو اس لیے رقم کا انتظام کرنا ہوگا۔ یہ رقم آپ کی بچتوں یا پھر بینک اور دوستوں سے قرضے کی صورت میں ہوسکتی ہے۔ رقم کی دستیابی کو یقینی بنائیں کیونکہ اگر کام شروع ہونے کے بعد کسی مرحلے پر آپ کے پاس پیسے کم پڑگئے تو اس سے تعمیراتی لاگت بڑھ جانے کا خدشہ ہوتا ہے۔

ہر کام کو تحریری شکل دینا

ٹھیکیدار کے ساتھ تحریری معاہدہ کرلیںتو زیادہ بہتر رہے گا۔ اس معاہدے میں چھوٹی سے لے کر بڑی، ہر قسم کی تفصیلات درج ہوں تاکہ مستقبل میں کوئی تنازعہ پیدا نہ ہو۔ معاہدہ یا تو لیبر+مٹیریل کی بنیاد پر ہوتا ہے یا آپ صرف لیبر ریٹ کی بنیاد پر بھی ٹھیکیدار سے معاہدہ کرسکتے ہیں، ایسی صورت میں ٹھیکیدار کو تمام تعمیراتی مٹیریل کی فراہمی آپ کی ذمہ داری ہوگی۔

یوٹیلٹی سہولیات کی فراہمی

پانی اور بجلی دو ایسی بنیادی ضروریات ہیں، جن کے بغیر ٹھیکیدار سائٹ پر کام شروع نہیں کرسکتا۔ عمومی طور پر بجلی اور پانی فراہم کرنا گھر تعمیر کرانے والے کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ، یہ بات بھی ذہن نشین رکھیں کہ تعمیراتی سامان جیسے سیمنٹ کو زیادہ عرصے تک کھُلی فضا میں نہیں رکھا جاسکتا، اس لیے سامان کو خراب ہونے سے بچانے کے لیے عارضی اسٹوریج کا بندوبست کرنا ضروری ہوتا ہے۔ پہلی چھت ڈلنے کے بعد یہ سامان بلڈنگ کے اندر رکھا جاسکتا ہے۔

معیار کو فوقیت

تعمیرات کے ہر مرحلے پر نظر رکھیں، اس سلسلے میں آپ کو مختلف کوالٹی چیکس کا علم ہونا چاہیے تاکہ آپ کو اندازہ ہوکہ آپ کا گھر مطلوبہ معیار کے مطابق تیار ہورہا ہے۔