کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی، کرکٹر حیدر علی پر جرمانہ عائد

October 03, 2020

‏ملتان میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے پہلے مرحلے کے ساتویں میچ میں کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف کے لیے مقررہ ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی کرنے پر ناردرن کے بیٹسمین حیدر علی پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

حیدر علی کو سینٹرل پنجاب کے خلاف میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

یہ واقعہ میچ کی پہلی اننگز کے نویں اوور کے دوران پیش آیا جب حیدر علی نے عثمان قادر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو دیے جانے کے فیصلے پر امپائر کو بلّا دکھایا۔

آن فیلڈ امپائرز آفتاب گیلانی اور فیصل خان، تھرڈ امپائر ولید یعقوب اور فورتھ امپائر ناصر حسین نے حیدر علی کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.8 کی خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا۔

حیدر علی کی جانب سے اعتراف جرم کرنے پر میچ ریفری افتخار احمد نے حیدر علی پر جرمانہ عائد کر دیا۔