پاکستان کی تمام اپوزیشن پی ڈی ایم کےپلیٹ فارم پر اکٹھی ہے، فضل الرحمان

October 07, 2020


پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سر براہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت دو سال کی کارکردگی پر نااہل اور نالائق ثابت ہوئی، پاکستان کی تمام اپوزیشن پی ڈی ایم کےپلیٹ فارم پر اکٹھی ہے۔

جاتی امراء میں مولانا فضل الرحمان اور ن لیگی رہنمائوں کی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے ساتھیوں کا مشکور ہوں جو آج مریم نواز کی دعوت پر تشریف لائے، آج پاکستان کے عوام کے مسائل پر گفتگو ہوئی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی تمام اپوزیشن پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے پلیٹ فارم پر مجتمع ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ کی بدترین دھاندلی سے وجود میں آئی حکومت 2 سالہ کارکردگی کی بنیاد پر نااہل ثابت ہوئی، اس حکومت نے پاکستان کی معیشت کی عمارت کو زمیں بوس کردیا۔

مولانافضل الرحمان نے کہا کہ عام آدمی کی قوت خرید جواب دے چکی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آئین اور قانون کے دائرے میں تحریک کام کرے گی، ووٹرکو اس کی اپنی امانت واپس لوٹانا، اس کے لیے میرا اور مریم نوازکا کردارہوگا، جبکہ میں پریشان نہیں ہوں، پرعزم ہوں۔