امریکا کورونا وائرس ویکسین کیلئے 3 بلین خرچ کررہا ہے، فواد چوہدری

October 09, 2020


وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ امریکا کورونا وائرس کی ویکسین کی ریسرچ کے لیے 3 بلین روپے خرچ کررہا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ریسرچ اور انوویشن تکے میں نہیں ہوتی بلکہ اس کے پیچھے جدوجہد اور سرمایہ ہوتا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں ریسرچ بجٹ آدھا کردیا گیا جبکہ دنیا میں بڑھایا جارہا ہے۔ پیسے ہوتے نہیں اور ضائع ہوتے ہیں، کئی محکمے ایک ہی کام کررہے ہیں۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روٹین کے آلو، گاجر بیچ کر اُوپر نہیں جاسکتے، بائیواور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر فوکس کرناہوگا۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں تین کمپنیاں ڈرون بنا رہی ہیں، ایگری کلچرل ڈرون بنا رہے ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے ہفتے ڈرون پالیسی لے کر آرہے ہیں۔