میر شکیل الرحمان صاف گو اور بہادر انسان ہیں، مقررین

October 10, 2020


کراچی ، لاہور ، پشاور ، راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر ، نمائندگان جنگ ) ایڈیٹر انچیف جنگ وجیو گروپ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کیخلاف کراچی ، لاہور ، پشاور اور راولپنڈی سمیت ملک کے کئی چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جمعے کے روز بھی جاری رہا ، اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری آزادی صحافت پر حملہ ہے، سچ بولنا جرم بنادیا گیا ہے ،میر شکیل الرحمان کوبے بنیاد مقدمے میں 210دنوں سے پابند سلاسل رکھا ہوا ہے، میر شکیل الرحمان ایک صاف گو اور بہادر انسان ہیں جنہوں نے ہمیشہ حق و سچ کا پرچم بلند کیا ہےجس پر ان کی پوری ٹیم کو فخر ہے، میر شکیل الرحمان کوزیرحراست رکھنا انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، انہیں فوری رہا کیا جائے ، خیبر یونین آف جرنلسٹس ، پشاور پریس کلب، لکی مروت اور ضلع ٹانک کے صحافیوں نے ایڈیٹر انچیف جنگ گروپ اور جیو میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی اقدام کو غیر قانونی، بدنیتی پر مبنی ، میڈیا دشمنی اور صحافت پر حملہ قرار دیا ہے، دوسری جانب کراچی میں صحافتی تنظیموں، جنگ جیو ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام میرشکیل الرحمان رہائی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے پیر الہی بخش فائونڈیشن کے جنرل سیکرٹری علی اصغر نےکہا کہ جنگ اور جیو حق اور سچ کا علمبردار ہے، میرشکیل الرحمان کے خلاف آپ جو کچھ کررہے ہیں، وہ غلط روایات بنے گی جس کا خمیازہ موجودہ حکمرانوں کو ادا کرنا پڑے گا، قلم کو آزاد رہنے دیا جائے اس پر قدغن نہ لگائی جائے، حکومت سے درخواست کروں گا کہ میرشکیل الرحمان کو باعزت رہا کیا جائے، کیمپ سے ایپنک کے سیکرٹری جنرل شکیل یامین کانگا، مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر اقبال خاکسار، ایپنک کراچی کے وائس چیئرمین رانا محمد یوسف اور دی نیوز یونین کے جنرل سیکرٹری دارا ظفر نے بھی خطاب کیا۔ علی اصغر نے کہا کہ جن کے اجداد حق اور سچ کے داعی تھے ان کی اولاد بھی انہی اصولوں پر کاربند رہی، میرجاوید الرحمان اور میرشکیل الرحمان نے کبھی حق اور سچ پر سمجھوتہ نہیں کیا، اپنے اداروں کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آج بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔ میرشکیل الرحمان حق اور سچ کی آواز ہے اس کی آواز کو بند نہیں ہونا چاہئے۔ اپنے خطاب میں دیگر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ برسوں سے جنگ پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے ہیں کبھی اس کے اشتہار روکے جاتے ہیں، کبھی چینل بند کردیا جاتا ہے اور پھر اس کے مالک کو گرفتار کرلیا جاتا ہے۔ جنگ اور جیو کے ہزاروں خاندانوں کو مشکلات سے دوچار کردیا جاتا ہے لیکن آمر اور جابر حکمرانوں کو حق اور سچ کی راہ میں ہمیشہ شکست ہوئی ہے اور اس بار بھی میرشکیل الرحمان باعزت رہا ہوں گے۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ کی صدا آج قومی اسمبلی تک پہنچ گئی ہے، میرشکیل الرحمان بہادر باپ کا بہادربیٹا ہے، وہ مشکلات تو برداشت کرلے گا لیکن سمجھوتہ نہیں کرے گا اور باعزت بری ہوگا۔