پیسے بیٹوں کے نام پر، مریم کو قوم کی بیٹی بناکر پیش کرتے ہیں، فواد چودھری

October 10, 2020


وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سابق وزیر اعظم نواز شریف پر تنقید کے تیر بر ساتے ہوئے کہا ہے کہ پیسے آپ نے بیٹوں کے نام پر رکھے ہوئے ہیں اور مریم نواز کو قوم کی بیٹی کے طور پر پیش کر تے ہیں۔

انہوں نے سابق وزیراعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف صاحب! آپ ماشاء اللّٰہ ٹھیک ہیں، آپ یہاں آئیں اور تحریک کو لیڈ کریں۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ابو بچاؤ مہم کو انتشار پھیلاؤ مہم میں تبدیل کیا جا رہا ہے، اپوزیشن کی تحریک کا مقصد ہے کہ احتساب کے عمل کو روکا جائے، جبکہ اپوزیشن کی تحریک کا آئین اور قانون سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کا زور اپنے آٹھ کیسز ختم کرانے پر ہے، آپ پلی بارگین کریں، لوگوں کے پیسے واپس کریں یا جیل جائیں۔

انہوںنے کہا کہ نواز شریف علاج کرانے کا کہہ کر گئے، لندن میں ریسٹورنٹ دریافت کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں 3 مہینے کے لیے اپنی سرگرمیاں معطل کریں اور فروری میں اپنی سرگرمیاں کر لیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ استعفے دینا اتنا آسان نہیں ہے ، آپ نے الیکشن لڑا ہار گئے اب پانچ سال انتظار کریں۔