فرانس: 1 دن میں کورونا وائرس کے 26 ہزار سے زائد کیسز

October 11, 2020

فرانس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے نئے 27 ہزار کے قریب کیسز سامنے آنے کے بعد نیا ریکارڈ قائم ہو گیا۔

گزشتہ روز فرانسیسی وزارتِ صحت کی جانب سے جاری کیئے گئے اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کی وباء کے آغاز کے بعد پہلی بار فرانس میں ایک دن میں سامنے آنے والے کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد 26 ہزار سے زائد ہو گئی۔

فرانسیسی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26 ہزار 896 نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔

فرانس میں کورونا وائرس کے کل کیسز کی تعداد 7 لاکھ 18 ہزار 873 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 32 ہزار 637 ہو گئی۔

فرانس بھر میں 5 لاکھ 85 ہزار 408 کورونا وائرس کے مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروںپر زیرِ علاج ہیں جن میں سے 1 ہزار 448 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 1 لاکھ 828 افراد اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

اس صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے پیر کے روز سے (کل سے) مزید سختیوں کا اعلان متوقع ہے اور بعض علاقوں میں لاک ڈاؤن لگانے پر غور جاری ہے، اس طرح دوسری لہر نے فرانس کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔