یہ سال ہم سب کیلئے بہت مشکل رہا ہے، عدنان صدیقی

October 11, 2020

ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے ورسٹائل اداکار عدنان صدیقی کا سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ سال 2020 ہر ایک کے لیے انتہائی مشکل رہا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان سمیت دُنیا بھر میں ذہنی صحت کا عالمی دن منایا گیا تھا اس موقع پر جہاں ماہر نفسیات اور سوشل میڈیا صارفین نے مختلف پلیٹ فارمز پر ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی پیغامات جاری کیے تو وہیں شوبز فنکاروں نے بھی ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر اس سے متعلق کچھ پوسٹس شیئر کی ہیں۔

اِس ضمن میں نامور اداکار عدنان صدیقی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ WorldMentalHealthDay2020 استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس میں کوئی بُرائی یا پریشانی کی بات نہیں کہ کبھی ہم کسی وجہ سے مایوس ہوجاتے ہیں اور پھر خود کو سُست محسوس کرتے ہیں۔‘

عدنان صدیقی نے رواں سال دُنیا بھر میں آنے والی مشکلات کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ سال ہم سب کے لیے کافی مشکل رہا ہے، اس لیے سب کے ساتھ نرمی کا رویہ اختیار کریں، ایک دوسرے کو ہمت دیں اور حوصلہ افزائی کریں۔‘

دوسری جانب گزشتہ روز ماہرہ خان نے بھی انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں ذہنی مرض میں مبتلا افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بہت حوصلہ مند ہوگا اگر آپ اس معاملے پر بات کرنا شروع کریں، اور اس سے بھی زیادہ بہادری کا کام یہ ہوگا اگر آپ اس معاملے میں لوگوں سے مدد لیں۔


اپنے پیغام میں ماہرہ خان نے کہا تھا کہ ہمیں ذہنی صحت سے متعلق کُھل کر بات کرنے کی ضرورت ہے، ایسے افراد جنہیں کبھی اس کا تجربہ نہیں رہا وہ بھی اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں۔

ادکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ذہنی صحت سے متعلق بات چیت اور لوگوں کو سُن کر آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔