گرم ماحول کورونا وائرس کی بقاء کیلئے خطرہ قرار

October 12, 2020

دنیا بھر میں کووڈ 19 کہلانے والے کورونا وائرس کو درجہ حرارت میں اضافے کے سبب اپنی بقاء میں مشکلات درپیش آتی ہیں۔

آسٹریلیا میں کی گئی تحقیق میں ماہرین نے اندھیرے میں تین مختلف درجہ حرارت پر کورونا وائرس کے زیادہ سے زیادہ وقت تک زندہ رہنے کے حوالے سے تجربہ کیا۔

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ کورونا وائرس کوعام درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی پر رکھا گیا تو وہ موبائل فون کی سطح، پلاسٹک اور کرنسی نوٹوں پر 28 دن زندہ رہا جبکہ 30 ڈگری سینٹی گریڈ پر کورونا وائرس کے زندہ رہنے کی شرح کم ہو کر 7 دن رہ گئی ۔

کورونا وائرس پر کی گئی تحقیق میں یہ اہم بات سامنے آئی کہ یہ وائرس 40 ڈگری سینٹی گریڈ پر صرف ایک دن ہی زندہ رہ سکا۔

اس کے علاوہ جالی دار سطح جیسے کپڑوں پر کورونا وائرس کم درجہ حرارت پر14 دن اور زیادہ درجہ حرارت پر 16 گھنٹے زندہ رہا۔

واضح رہے کہ بھارت میں عالمی وباء کورونا وائرس کی بدترین صورتحال برقرار ہے اور مزید66 ہزار نئے کیس کے بعد مجموعی تعداد71 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے جبکہ امریکا میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد80 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔


دوسری جانب چین کے ساحلی شہر کنگ ڈاو میں کورونا وائرس کیس سامنے آنے پر پوری آبادی کے ٹیسٹ کئے جائیں گے،5 دنوں میں 90 لاکھ سے زائد افراد کے ٹیسٹ ہوں گے، اسپین کے شمالی ریجن کاتالونیا اور ناوارا میں کورونا کیسز بڑھنے پر پابندیاں سخت کردی گئی ہیں۔

متاثرہ ریجن میں بازار اور ریسٹورنٹس10 بجے کے بعد بند کردیئے جائیں گے، لبنان میں متاثرین کی تعداد بڑھنے پرملک بھر میں رات کا کرفیو اور170 اضلاع میں ایک ہفتے کیلئے لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔