روس کا نایاب گلابی و ارغوانی شعاعیں بکھیرتا قیمتی ہیرا نیلامی کے لیے تیار

October 12, 2020


گلابی اور ارغوانی شعاعیں بکھیرتا روس کا نایاب ہیرا نیلامی کے لیے تیار ہے، 11 نومبر کو جنیوا میں ہونے والی نیلامی میں اس بیش قیمت ہیرے کی قیمت 6 ارب 22 کروڑ روپے سے زیادہ ملنے کی توقع کی جارہی ہے۔

ہیرے جواہرات اور دیگر قیمتی اشیا کی نیلامی کے حوالے سے معروف ادارے سوتھبے کے مطابق یہ ہیرا ایک روسی کان سے دریافت ہوا تھا اور 14.83 قیراط کے اس ہیرے کو الروسا نامی ادارے نے تراشا، بیضوی شکل کے اس ہیرے کو ’دی اسپرٹ آف روز‘ کا نام دیا گیا ہے۔

اپنی نوعیت کے اس سب سے بڑے ہیرے کو نیلامی کے لیے آئندہ ماہ پیش کیا جائے گا۔ رنگین ہیروں کے ٹرینڈ میں اضافے کی وجہ سے حالیہ سالوں میں متمول طبقوں میں اس قسم کے ہیروں کو ایک اثاثہ سمجھا جانے لگا ہے۔

گیارہ نومبر کو جینوا میں نیلامی سے قبل اسے ہانگ کانگ، سنگاپور اور تائیوان میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔