ماڈل مشک کلیم کا وزن کم کرنے کیلئے منشیات کے استعمال کا انکشاف

October 13, 2020

عالمی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی پاکستان کی ٹاپ ماڈل مشک کلیم نے مختلف ذہنی مسائل کا شکار رہنے کا انکشاف کیا ہے، ماڈل کا کہنا ہے کہ وہ طویل مدت وزن بڑھ جانے یا بدصورت ہوجانے کے خوف میں مبتلا رہیں۔

ماڈل کا کہنا ہے کہ مختلف ذہنی بیماریوں سے نبردآزما رہنے کے بعد وزن حد سے زیادہ بڑھ چکا تھا تب انہوں نے خود کو بھوکا رکھا، کھانا پینا بالکل کم کر دیا اور منشیات کا بے دریغ استعمال کیا۔

ٹاپ ماڈل نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے ذہنی دباؤ میں رہنے اور اس سے چھٹکارا پانے کے حوالے سے انکشافات کئے۔

ماڈل نے ’ذہنی صحت کے عالمی دن‘ کے موقع پر ایک ماڈلنگ کے کیرئیر اور اس میں کامیابیاں سمیٹنے کے حوالے سے بات چیت کی اور بتایا کہ یہ کامیابیاں اور شہرت حاصل کرنے میں انہیں کیا مشکلات درپیش رہیں۔


انہوں نے لکھا کہ ممکنہ طور پر 2019 میرے کیریئر کا ایک اہم سال تھا لیکن جب میں پیچھے مڑ کر دیکھتی ہوں اور گزشتہ برس ہونے والے واقعات کے بارے میں سوچتی ہوں تو مجھے احساس ہوتا ہے کہ میری ذہنی صحت میرے کیرئیر پر بہت اثر انداز ہوئی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ میں ایک ماڈل تھی جو شہرت، کامیابی اور تعریفیں سمیٹنے میں کامیاب رہی سب نے سوچا کہ میں ٹھیک ہوں، اپنی زندگی میں خوش اور مطمئن ہوں تب مجھے معلوم ہوا کہ کسی بھی چیز کے بارے میں شکایت کرنا ناشکری ہوگی۔

ماڈل نے بتایا کہ گزشتہ سال اپنی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر وہ ’ڈسمورفوبیا‘ کے باعث اسپتال داخل ہوئی تھیں، علاج کی غرض سے اسپتال میں داخل ہوئیں تو ان کی عمر 25 سال، قد 6 فٹ جبکہ وزن 48 کلو گرام تھا اور وہ اس خوف میں مبتلا تھیں کہ ان کا وزن حد سے زیادہ بڑھ چکا ہے تب انہوں نے خود کو بھوکا رکھا کھانا پینا بالکل کم کر دیا منشیات کا بے دریخ استعمال کیا۔

ڈسمورفوبیا کے ساتھ ساتھ مشک کلیم ’انوریکسیا‘ کا شکار بھی رہی ہیں، جو دراصل کھانے کی بدنظمی اور اپنے جسمانی خدوخال و وزن سے متعلق پیدا ہونے والی تشویش سے متعلق ذہنی بیماری ہے۔

مشک کلیم کے مطابق بطور ماڈل انہوں نے شہرت حاصل کرنے کے لیے اپنی صحت کا بھی خیال رکھا اور اس وقت وہ جس ذہنی خوف میں مبتلا تھیں وہ کسی حد تک ٹھیک بھی تھا۔

ماڈل نے کہا کہ ان کے اہل خانہ، دوستوں اور ان کے پالتو جانوروں نے انہیں ذہنی خوف سے نکلنے میں مدد فراہم کی اور اب انہیں وزن بڑھ جانے یا بدصورت ہوجانے کا کوئی خوف نہیں۔

ذہنی دباؤ سے چھٹکارا پانے والی مشک کلیم نے مداحوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ خوش رہنے کی کوشش کریں اور اپنی ذہنی صحت کا خیال رکھیں۔ ہماری ذہنی صحت ہمارے افکار، ہمارے عمل اور ہماری زندگی کو متاثر کرتی ہے۔