امید ہے سی ویو ایسا ہی صاف رہے گا: شنیرا اکرم

October 13, 2020

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ اور سماجی کارکن شنیرا اکرم سی ویو کی صفائی دیکھ کر خوش ہوگئیں۔

سوشل میڈیا سائٹس پر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ نے متعدد مرتبہ اپنے ویڈیو پیغامات میں ساحل کی صفائی کے حوالے سے اپنی آواز بلند کی تھی۔

شنیرا کی جانب سے سی ویو پر گندگی کی طرف توجہ دلائے جانے کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی۔

شنیرا کی آواز پر کان دھرا گیا اور ساحل کی صفائی بھی کی گئی، صاف ساحل کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے شنیرا اکرم نے لکھا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ اب ساحل ایسا ہی صاف رہے گا۔

دوسری جانب سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی جانب سے کراچی کے سی ویو کی صاف ستھرائی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔

وسیم اکرم کراچی سی ویو کی حالت دیکھ کر مایوس ہوگئے تھے، سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہفتے کے پہلے روز اہلیہ کو سی ویو پر لا کر بہت بڑی غلطی کی۔

سابق کرکٹر کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ ’سوچا تھا ہفتے کے پہلے روز ساحلِ سمندر پر مزہ آئے گا لیکن شنیرا اکرم کو سی ویو لا کر بہت بڑی غلطی کرلی۔‘

خیال رہے کہ شنیرا نے بھی اپنے پیغام میں کراچی میں جگہ جگہ دکھائی دینے والے گندگی کے ڈھیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں لاکھوں لوگ کچرے میں رہنے پر مجبور ہیں۔