نوزائیدہ بچے کی ڈاکٹر کے چہرے سے ماسک ہٹانے کی کوشش

October 15, 2020

سوشل میڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں ہر گزرتے دن کے ساتھ ایسی انوکھی تصویریں اور ویڈیوز وائرل ہوتی ہیں جو صارفین کی توجہ کا مرکز بنتی ہیں، اب گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک ایسے نوزائیدہ بچے کی تصویر وائرل ہو رہی ہے جس نے ڈاکٹر کے چہرے سے ماسک ہٹانے کی کوشش کی ہے۔

گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات کے سامر شعیب نامی گائناکولوجسٹ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک دلچسپ تصویر شیئر کی جو آپریشن تھیٹر کی ہے جبکہ تصویر بچے کی پیدائش کے بعد لی گئی ہے۔

سامر شعیب نامی گائناکولوجسٹ کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصویر میں اُنہوں نے ایک نوزائیدہ بچے کو گود میں اُٹھایا ہوا ہے اور تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روتا ہوا نوزائیدہ بچہ اپنے ہاتھ سے ڈاکٹر کے چہرے سے ماسک ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے ڈاکٹر سامر شعیب نے دُنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس ختم ہونے کی اُمید ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس بچے سمیت ہم سبھی چاہتے ہیں کہ جلد از جلد ہمارے چہروں سے یہ ماسک ہٹ جائے۔‘

ڈاکٹر سامر شعیب کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے اور اب تک اُن کی پوسٹ پر ہزاروں لائکس بھی آچکے ہیں جبکہ صارفین کا کہنا ہے کہ وہ دُنیا بھر میں اچھے دن آنے کے لیے پُر اُمید ہیں۔