یہودی خاندان کے لوٹے گئے فن پارے 87 سال بعد لوٹا دیے گئے

October 16, 2020

کئی سال قبل نازیوں کی جانب سے برلن کے ایک یہودی خاندان سے لوٹے گئے فن پارے حال ہی میں 87 سالوں بعد اصل ورثاء کو واپس کر دیے گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 1933 میں نازیوں نے ایک یہودی خاندان سے فن پارے لوٹے تھے جو کہ حال ہی میں نیویارک کے ایک چھوٹے میوزیم سے دریافت ہوئے تھے جس کے بعد اُنہیں اصل ورثاء کو واپس کر دیا گیا۔

اُن فن پاروں کا نام ’ونٹرز‘ تھا جو ایک امریکی فنکار ’گاری میلچرس‘ کے 1000 فن پاروں کی کلیکشن کا حصہ تھے، جو نازی پارٹی کے ہدف بننے کے بعد برلن کے ایک مشہور یہودی خاندان سےچھینے گئے تھے۔

ان فن پاروں کے چھینے جانے کے بعد یہودی خاندان کے ورثاء کئی دہائیوں سے اُنہیں واپس حاصل کرنے کے لیے شدت سے انتظار کر رہے تھے۔

نیویارک کے شمالی ڈسٹرکٹ کے قائم مقام اٹارنی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’اس یہودی خاندان نے اپنی ہر چیز کھو دی تھی لیکن انہوں نے اُمید نہیں چھوڑی۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’اگرچہ اس تکلیف کو دور نہیں کیا جا سکتا جس سے یہودی خاندان گزرا ہے لیکن مجھے اُمید ہے کہ ان فن پاروں کے ملنے سے اُن کے خاندان کو کچھ حد تک انصاف ملے گا۔‘