عوام آج سلیکٹڈ وزیراعظم کے جانے کا فیصلہ سنائیں گے، بلاول

October 16, 2020

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تمام جمہوری جماعتیں ایک پیج پر ہیں، آج پاکستانی عوام کا سمندرفیصلہ سنا دے گا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے جانے کا وقت آگیا ہے۔

لالہ موسی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےچیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج پنجاب کے دل گوجرانوالہ میں اے پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کی تحریک کا باقاعدہ آغاز ہورہا ہے، پیپلز پارٹی کے قافلے کی قیادت میں خود کر رہا ہوں،آج پاکستان کے حقیقی نمائندے ایک اسٹیج پر موجود ہوں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان جنہیں کورونا وائرس کا پیک پر خیال نہیں تھا انہیں اب کورونا وائرس کا خیال آرہا ہے، ہمارے راستے میں کنٹینرزرکھ دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پی پی کے کارکنوں اور رہنماؤں کے گھروں پرچھاپے کروائے گئے، عمران خان کان کھول کرسن لیں آپ عوام کے جذبات کو قید نہیں کرسکتے۔

بلاول نے کہا کہ 70 سال سے جمہوریت کو نہیں چلنے دیا جاتا، 2020 ء میں بھی غیر جمہوری کوششیں جاری ہیں، ان سے ایک جلسہ بھی برداشت نہیں ہو رہا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم نےاپنی پہلی تقریرمیں کہا تھاکنٹینرز دیں گے، کھانا دینگے مگر اس نے راستے روک دیے،آپ عوام کی ناراضگی، جذبات، بھوک افلاس کو قید نہیں کرسکتے،آپ کو عوام کا سمندر جواب دے گا کہ اس نالائق نے پوری قوم کا جینا حرام کردیا ہے ۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ گلگت بلتستان میں قبل ازانتخاب دھاندلی کی کوشش کی جارہی ہے، اگرگلگت بلتستان انتخابات میں دھاندلی ہوئی توانتخاب کے اگلے روزہی اسلام آبادپہنچیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے حکومت مخالف تحریک کا پہلا پاور شو آج (جمعہ کو) گوجرانوالہ میں ہورہا ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن جامعہ اشرفیہ لاہور، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کائرہ ہاؤس لالہ موسیٰ سے ریلی کی صورت میں گوجرانوالہ پہنچیں گے، مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز جاتی امراء سے پہنچیں گی۔

ادھر پولیس نے نون لیگی رہنماؤں اورکارکنوں کی گرفتاری کیلئے 250 سے زائد چھاپے مارے جبکہ سرگودھا اور بھلوال میں لیگی کارکنوں کے خلاف کورونا وائرس پھیلانے کے مقدمے درج کر لیے گئے، اپوزیشن کے جلسے میں شرکت روکنے کیلئے میانوالی میں بڑے بڑے کنٹینرز پہنچ گئے ہیں۔

دوسری جانب حکومت نے اپوزیشن کو اسٹیڈیم بھرنے کا چیلنج دے دیا ہے اور وفاقی وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عوام کو تنگ کرنے کیلئے سڑکوں پر کسی صورت جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اپوزیشن کو چیلنج کرتے ہیں کہ وہ جناح اسٹیڈیم کو بھر کر دکھائیں، مگر کورونا ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔

دوسری جانب اپوزیشن نے حکومتی چیلنج کو قبول کر لیا ہے۔