پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے آج ہونے والے جلسے میں شرکت کے لیے مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز جاتی امراء سے قافلے کی صورت روانہ ہوئی ہیں۔
مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نوازاڈا پلاٹ رائیونڈ روڈ پہنچ گئیں، مسلم لیگ نون کی ریلی رائیونڈ روڈ سے براستہ رنگ روڈ ٹھوکر نیاز بیگ پہنچے گی۔
رنگ روڈ سے ملحقہ اڈہ پلاٹ کو آنے والی سڑک کو بند کر دیا گیا ہے، جبکہ اڈہ پلاٹ سے جاتی امراء جانےوالی سڑک پر ٹریفک کی روانی جاری ہے، پولیس کی بھاری نفری جلوس کے راستوں پر تعینات ہے۔
مریم نواز کا شرکاء سے خطاب
جلوس کی صورت رہائش گاہ سے نکلنے کےموقع پر مریم نواز نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 22 کروڑ عوام کے حقوق کے لیے نکلے ہیں، گوجرانوالہ کے عوام ،بھائی، بہنیں ہمارے قافلے میں شامل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم محنت کشوں، تاجروں، بے روزگاروں، نوجوانوں اور خواتین کے حقوق کے لیے باہر نکلے ہیں، ہم عوام کے ووٹ کو عزت دلانے کے لیے نکلے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پولیس اور انتظامیہ عوام کے راستے میں نہ آئیں، ہم عوام کی ہی نہیں آپ کے حقوق کی بھی جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس اور انتظامیہ نے آئین اور قانون کی پاسداری کا حلف اٹھایا، کسی جعلی حکمراں کے تحفظ کا نہیں، سب لوگ قانون اور آئین کی جنگ میں ہمارے قافلے میں شامل ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ میں 45 منٹ میں اپنی رہائش گاہ کے مین گیٹ تک ہی پہنچ پائی ہوں۔
اس پیغام کے ساتھ انہوں نے اپنے خطاب کی تصویر بھی شیئر کرائی ہے۔
شاہدرہ چوک پر خطاب کی اجازت نہیں: CCPO لاہور
سی سی پی او لاہور عمر شیخ کے مطابق شاہدرہ چوک پر کسی کو خطاب کرنےکی اجازت نہیں ہوگی، شہر میں امن و امان کی صورتِ حال کو مکمل طور پر بحال رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جلسے جلوسوں کی آڑ میں شہر میں افراتفری کی صورتِ حال پیدا نہیں کرنے دی جائے گی، پولیس ریلی کو مکمل سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔
لاہور سمیت مختلف علاقوں سے قافلے پی ڈی ایم کی جلسہ گاہ جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ پہنچ رہے ہیں۔
پولیس کی جانب سے جناح اسٹیڈیم کی طرف آنے والے راستے کہیں خار دار تار اور کہیں کنٹینر لگا کر بند کر دیئے گئے ہیں۔
گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم کے باہر سیکیورٹی کے لیے پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی ہے، اسٹیڈیم کے باہر پولیس کی ڈنڈا برادر فورس بھی پہنچ گئی ہے۔
متحدہ اپوزیشن پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے آج گوجرانوالہ میں بڑا پاور شو کرے گی جس کے لیے گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
اسٹیڈیم میں بڑا اسٹیج تیار کر لیا گیا ہے، نون لیگ کے کارکن رات سے ہی پنڈال پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔
جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ کے راستے بند
گوجرانوالہ میں پولیس نے جناح اسٹیڈیم کی طرف آنے والے راستے خار دار تار لگا کر بند کر دیئے ہیں، گل روڈ، منیر چوک، سیالکوٹ روڈ اور گوندنوالہ پھاٹک پر کنٹینر لگا دیئے گئے ہیں۔
سیٹلائٹ ٹاؤن سے آنے والی سڑکوں پر بھی مزید کنٹینرز لگادیئے گئے ہیں، جس کے باعث جناح اسٹیڈیم کی طرف پیدل آنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔
گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم کے قریب ڈی ایچ کیو اسپتال جانے والے راستے بھی بند کیئے گئے ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کو اسپتال پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ادھر نارووال میں انتظامیہ و پولیس کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کر کے شہر کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے گئے ہیں، جبکہ شکر گڑھ سے شاہ غریب جانے والی سڑک بھی بند ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اور سی پی او گوجرانوالہ نے جناح اسٹیڈیم کا دورہ کر کے پی ڈی ایم کی جلسہ گاہ میں سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔
اتنا ڈر؟ وہ بھی ایک نہتی لڑکی سے؟ مریم نواز
گوجرانوالہ میں پولیس کی جانب سے اسٹیڈیم کی طرف آنے والے راستوں کو خار دار تاریں لگا کر بند کرنے پر مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اتنا ڈر؟ وہ بھی ایک نہتی لڑکی سے؟
لاہور پولیس کا ٹریفک پلان جاری
پی ڈی ایم کے جلسے کے سلسلے میں لاہور کی سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت اور آگاہی کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا۔
سی ٹی او لاہور حماد عابد کے مطابق شریف میڈیکل سٹی روڈ کو عام ٹریفک کیلئے بند رکھا جائے گا، رنگ روڈ اڈا پلاٹ تا نیازی شہید چوک حالات کے پیشِ نظر بند کیا جا سکے گا۔
انہوں نے بتایا کہ راوی روڈ تا امامیہ کالونی پھاٹک ریلی کے وقت عام ٹریفک کیلئے بند ہو گا، جبکہ ریلی کے وقت ملحقہ سڑکیں ٹریفک کیلئے بند رکھی جائیں گی۔
سید حماد عابد کا کہنا ہے کہ ریلی گزرنے کے ساتھ ہی سڑکیں ٹریفک کیلئے کھول دی جائیں گی، ریلی کے وقت گوجرانوالہ اور نارووال جانے والے شہری پرانا راوی پل استعمال کر سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور سے شیخو پورہ جانے والا ٹریفک شاہدرہ چوک کی بجائے سگیاں پل استعمال کر سکے گا، ٹریفک کی روانی کیلئے وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
سی ٹی او لاہور کا مزید کہنا ہے کہ دو ایس پیز، 6 ڈی ایس پیز، 56 انسپکٹرز اور 600 سے زائد وارڈنز تعینات ہوں گے، ایمبولینس اور ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے راستہ کلیئر رکھا جائے گا۔
سی ٹی او سید حماد عابد نے شہریوں سے لاہور رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ پر ریلی کی موومنٹ کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل بھی کی ہے۔
ادھر پی ڈی ایم کے جلسے کے سلسلے میں اسلام آباد موٹر وے رکشئی ٹول پلازہ کے قریب بند کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہے اور لوگوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے حکومت مخالف تحریک کا پہلا پاور شو آج (جمعہ کو) گوجرانوالہ میں ہورہا ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن جامعہ اشرفیہ لاہور، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کائرہ ہاؤس لالہ موسیٰ سے ریلی کی صورت میں گوجرانوالہ پہنچیں گے، مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز جاتی امراء سے پہنچیں گی۔
ادھر پولیس نے نون لیگی رہنماؤں اورکارکنوں کی گرفتاری کیلئے 250 سے زائد چھاپے مارے جبکہ سرگودھا اور بھلوال میں لیگی کارکنوں کے خلاف کورونا وائرس پھیلانے کے مقدمے درج کر لیے گئے، اپوزیشن کے جلسے میں شرکت روکنے کیلئے میانوالی میں بڑے بڑے کنٹینرز پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب حکومت نے اپوزیشن کو اسٹیڈیم بھرنے کا چیلنج دے دیا ہے اور وفاقی وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عوام کو تنگ کرنے کیلئے سڑکوں پر کسی صورت جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اپوزیشن کو چیلنج کرتے ہیں کہ وہ جناح اسٹیڈیم کو بھر کر دکھائیں، مگر کورونا ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔
دوسری جانب اپوزیشن نے حکومتی چیلنج کو قبول کر لیا ہے۔